تفصیلات کے مطابق منوڑہ کے ساحل کے قریب ایک کشتی سمندر میں سفر کے دوران حادثے کا شکار ہوگئی۔ ایدھی بحری خدمات کی ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 6 افراد کو زندہ بچا لیا، تاہم 4 افراد تاحال لاپتہ ہیں جن کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ ریسکیو اہلکاروں نے بتایا کہ سمندر کی لہریں تیز ہونے کے باعث امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ریسکیو آپریشن کو مزید تیز کیا جائے تاکہ قیمتی انسانی جانوں کو بچایا جا سکے۔
انہوں نے ڈپٹی کمشنر کیماڑی کو بھی ہدایت کی کہ وہ اپنی ٹیم کے ہمراہ آپریشن کی نگرانی کریں اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائیں۔
یہ بھی پڑھیں:ایک فون کال: سونے کے فراڈ میں ملوث ملزم کیسے گرفتار ہوا؟
وزیراعلیٰ سندھ کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ یہ حادثہ چائنا پورٹ کے قریب پیش آیا، جہاں ایک بحری جہاز کے کشتی سے ٹکرانے کے باعث کشتی توازن برقرار نہ رکھ سکی اور الٹ گئی۔ واقعے کے بعد متعلقہ اداروں نے سمندری حدود میں حفاظتی اقدامات کا جائزہ لینے کا بھی عندیہ دیا ہے۔
حادثے پر شہری حلقوں کی جانب سے بھی تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے، متاثرہ خاندان اپنے پیاروں کی خیریت کیلئے بے چین ہیں۔
ریسکیو ٹیموں کا کہنا ہے کہ لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے، آپریشن اس وقت تک جاری رکھا جائے گا جب تک تمام افراد کا سراغ نہیں مل جاتا۔