ملک کے مختلف شہروں میں بارش، سردی کی شدت میں اضافہ
صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔

سورج ڈھلتے ہی لاہور میں خنک ہوائیں چلنے لگیں، بارش اور ٹھنڈی ہوا سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا، موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹے کے دوران بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ بارش سے خشک سردی کا خاتمہ ہو گا اورگلے وچھاتی کے امراض میں کمی ہو گی۔

ادھر ملکہ کوہسار مری میں بھی برفباری کا سپیل شروع ہو گیا، خون جما دینے والی سردی میں سیاح مری کا رخ کئے ہوئے ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ ، ڈی پی او،اے ایس پی،ایس ایچ او فیلڈ میں متحرک ہیں، ہائی وے پر برف صاف کرنیوالی مشینیں بھی الرٹ ہیں۔

علاوہ ازیں ڈسکہ اور گردونواح میں تیز ہواؤں کیساتھ بارش سے سردی کی شدت مزید بڑھ گئی جبکہ تلہ گنگ شہر اور گردونواح میں ہلکی بارش ہوئی، اٹک شہر اور گردونواح میں بوندا باندی شروع ہو گئی۔

یہ بھی پڑھیں: ملک کے مختلف شہروں میں بارشوں کی پیشگوئی

دوسری جانب شہر قائد میں بھی کہیں ہلکی تو کہیں بوندا باندی سے موسم مزید خنک ہو گیا، سرجانی ٹاؤن اور نیاناظم آباد میں تیز بارش ہوئی، سپر ہائی وے، گلشن معمار، اسکیم 45، تیسر ٹاؤن اور احسن آباد میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بادل برسے۔

اسی طرح ایم اے جناح روڈ، گارڈن، اولڈ سٹی ایریا ،صدر، فریئر ہال، کھارادر، م ٹاور، بوٹ بیسن ، ڈیفنس ، کلفٹن، قیوم آباد اور کورنگی میں بھی بوندا باندی ہوئی۔

لکی مروت اور گردونواح میں بھی صبح سے وقفے وقفے کیساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے، بارش کے باعث موسم مزید سرد اور خوشگوار ہو گیا، ٹھنڈی ہواؤں کے ساتھ بارش نے سردی کی شدت میں اضافہ کر دیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا یہ سلسلہ مزید 24 گھنٹے جاری رہنے کا امکان ہے جبکہ شہریوں نے سردی سے بچاؤ کے لیے گرم ملبوسات کا استعمال شروع کر دیا۔

دوسری جانب ترجمان موٹروے پولیس نے بتایا کہ لاہور اسلام آباد موٹروے کے مختلف مقامات پر بوندا باندی اور موسم ابر آلود ہے، پنڈی بھٹیاں ملتان موٹروے ایم4 کے مختلف حصوں میں ہلکی بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے۔

اس کو بھی پڑھیں: ملک کے مختلف شہروں میں بادل برسنے کو تیار

ترجمان کا کہنا ہے کہ موٹروے ایم5 ملتان سے رحیم یار خان تک متعدد مقامات پر بادل برس رہے ہیں، لاہور سیالکوٹ موٹروے ایم 11 پر بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ قومی شاہراہ پر مانگا منڈی، پتوکی، اوکاڑہ ، میاں چنوں، خانیوال ، بہاولپور، احمد پور شرقیہ اور رحیم یار خان میں بھی بادل برس رہے ہیں۔

موٹروے پولیس ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ بارش کے سڑکوں پر پھلسن کی صورتحال ہے، ڈرائیور حضرات بارش میں گاڑی کی رفتار کم رکھیں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ برقرار رکھیں۔

ادھر کوئٹہ اور گردنواح میں بھی برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، پہاڑوں نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی جبکہ برفباری کا نظارہ کرنے کے لیے بڑی تعداد میں فیملیز اور دوستوں کی ٹولیاں ہنہ جھیل پہنچ گئیں، پہاڑوں کے دامن میں واقعہ ہنہ جھیل میں برفباری کے دلکش نظاروں نے سیاحوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرا لی۔

شہریوں کا کہنا تھا کہ سال نو کی پہلی برفباری سے خوب لطف اندوز ہو رہے ہیں۔