مغربی ہواؤں کے نئے سسٹم کے باعث موسم نے کروٹ لینا شروع کر دی، جس کے اثرات مختلف علاقوں میں واضح طور پر دیکھے جا رہے ہیں۔
کوئٹہ سمیت بلوچستان کے متعدد علاقوں میں بارش اور برفباری کا آغاز ہو چکا ہے۔ زیارت، پشین، قلعہ سیف اللہ، کوژک ٹاپ اور قلعہ عبداللہ میں برفباری سے سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے۔
برفباری کے باعث کان مہترزئی میں ہنگامی اقدامات کرنا پڑے، جبکہ بارش کے سبب کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر رہی۔
نوشکی میں برفباری کے بعد درجہ حرارت میں مزید کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ بالائی علاقوں میں پارہ نقطہ انجماد سے کئی درجے نیچے گر گیا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران سردی کی لہر مزید شدت اختیار کر سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان کی 40 فیصد آبادی ذیابیطس کا شکار
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج بلوچستان، بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیز بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔ اسی طرح اسلام آباد، پنجاب اور سندھ کے مختلف علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے۔
علاوہ ازیں کراچی میں بھی آج دوپہر سے شام تک بارش ہونے کی توقع ہے، جس سے موسم خوشگوار ہونے کے ساتھ سردی میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ شہریوں، سیاحوں اور متعلقہ اداروں کو موسمی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔