لاہور میں نجی کالج کے سی ای او اغوا، مقدمہ درج
صوبائی دارالحکومت لاہور میں نجی کالج کے سی ای او کو اغوا کر لیا گیا، پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کر کے مغوی کی تلاش شروع کر دی۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں نجی کالج کے سی ای او کو اغوا کر لیا گیا، پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کر کے مغوی کی تلاش شروع کر دی۔

پولیس کے مطابق واقعہ لاہور کے پوش علاقے علاقے جوہر ٹاؤن میں پیش آیا جہاں نجی کالج کے سی ای او عابد وزیر خان کو اغوا کر لیا گیا، پولیس نے مغوی عابد وزیر خان کے اغوا کا مقدمہ ان کے بھائی کی مدعیت میں درج کرلیا۔

پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق عابد وزیر خان کو ان کے آفس سے واپس جاتے ہوئے ان کی گاڑی کو روک کر اغوا کیا گیا، عابد وزیر خان اغوا کے وقت خاتون جنرل منیجر کے ساتھ فون پر گفتگو کر رہے تھے جس کے باعث خاتون جنرل منیجر کو اس واقعہ کا فوراً پتہ چل گیا۔

یہ بھی پڑھیں: جیولرز مارکیٹ سے 20 کلو سونا لیکر فرار ملزم گرفتار

رپورٹ کے مطابق جنرل منیجر نے فون پر کال کے درمیان میں اچانک نامعلوم شخص کی آواز سنی، نامعلوم شخص نے عابد وزیر خان سے کہا، " تم نے میری گاڑی کا ایکسیڈینٹ کیا ہے"۔

حکام کے مطابق سی سی ڈی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بھی کالج کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کے سڑک سے اغوا کے اس واقعہ کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔