شیخ الحدیث مولانا قاری مفتاح اللہ رحلت فرما گئے
جامعہ بنوری ٹاؤن میں بلبل جامعہ کے لقب سے مشہور شیخ الحدیث حضرت مولانا قاری مفتاح اللہ انتقال فرما گئے۔
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) جامعہ بنوری ٹاؤن میں بلبل جامعہ کے لقب سے مشہور شیخ الحدیث حضرت مولانا قاری مفتاح اللہ انتقال فرما گئے۔

رپورٹ کے مطابق حضرت مولانا مفتاح اللہ 1965ء میں جامعہ بنوری ٹاؤن تشریف لائے، 1974ء میں فراغت حاصل کی اور اس کے بعد آخری سانس تک تقریباً نصف صدی اسی ادارے سے وابستہ رہے، قال اللہ اور قال الرسول ﷺ ان کی زندگی کا خلاصہ تھا۔

مرحوم حضرت قاری مفتاح اللہ نہایت باکردار، صاف گو، بااصول اور سچے کھرے انسان تھے، دنیا کی چکاچوند، مادی آسائشوں اور ظاہری نمود و نمائش سے دور، شریعت کے عین مطابق سادہ زندگی گزار کر رخصت ہوئے، ان کا اصل امتیاز یہ تھا کہ وہ تعلیم کو تربیت سے جدا نہیں سمجھتے تھے۔

وہ خوش الحان قاریِ قرآن تھے، صاحبِ طرز خطیب تھے اور اردو و فارسی اور بعض اوقات پشتو اشعار کو ایسے ذوق اور تاثیر کے ساتھ پڑھتے تھے کہ سننے والوں کے دلوں میں اتر جاتے، قرآنِ کریم سے گہری وابستگی، درس و تدریس کا ذوق، اصلاحِ معاشرہ کا جذبہ اور دعوت و ارشاد کا سوز آپ کی زندگی کے نمایاں اوصاف تھے۔

یہ بھی پڑھیں: لیگی رہنما رانا ارشد کے بڑے بھائی انتقال کرگئے

مرحوم کا شمار جامعۃ العلوم الاسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن کے ان خوش نصیب، بااخلاص اور ممتاز وابستگان میں ہوتا تھا، جنہوں نے علم، تقویٰ اور استقامت کے ساتھ دینِ اسلام کی خدمت انجام دی۔

آپ شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد یوسف بنوری رحمہ اللہ کے خاص، محبوب اور پسندیدہ شاگردوں میں شامل تھے اور اس نسبت کو اپنی زندگی کا سرمایہ اور باعثِ افتخار سمجھتے تھے۔

مرحوم قاری مفتاح اللہ کی نمازجنازہ آج بروز منگل بعد نماز عشاء جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمدیوسف بنوری ٹاؤن میں ادا کی جائے گی۔

سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمان نے شیخ الحدیث جامعہ بنوری ٹاؤن مولانا قاری مفتاح اللہ کے انتقال گہرے افسوس اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ قاری مفتاح اللہ مرحوم کی رحلت علمی حلقوں کے لئے بڑا نقصان ہے۔

اس کو بھی پڑھیں: جے یو آئی کے سینئر رہنما مولانا قاری محمد یوسف انتقال کر گئے

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ مولانا مرحوم ثقہ عالم، کہنہ مشق مدرس ،صاحب طرز خطیب ، علم قرآت کے ماہر اور علوم عقلیہ ونقلیہ کے جامع تھے، مرحوم کی پوری زندگی علوم اسلامیہ کی خدمت و اشاعت میں گذری،مولانا مرحوم کے علم سے ہزاروں طلباء فیض یاب ہوئے۔

سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ مولانا مرحوم کی مغفرت فرمائے ،درجات بلند فرمائے اور اعلیٰ علیین کا مکین بنائے ،اللہ کریم مرحوم کی خدمات قبول فرمائے اور ان کو اپنے شایان شان بدلہ عطاء فرمائے ، اللہ تعالیٰ مرحوم کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔