شاہ محمود قریشی نے خط میں ایم پی اے ندیم قریشی کو پنجاب پروٹیکشن آف اموویبل پراپرٹی ایکٹ 2025 کے خلاف اسمبلی میں کی جانے والی تقریر پر مبارکباد دی۔ انھوں نے کہا کہ یہ مسئلہ قانونی برادری کو متحد کرنے کا باعث بنا ہے، جس کے بعد کئی قانونی حلقوں نے اس ایکٹ کو مسترد کیا۔
خط میں شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ حامد خان کی قیادت میں دو پیشہ ور گروپوں نے اس قانون سازی کو مسترد کر دیا ہے، جبکہ احسن بھون کی قیادت میں پنجاب بار کونسل نے بھی اس ایکٹ کو رد کیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ پنجاب بار کونسل اس متنازعہ قانون کے خلاف باقاعدہ تحریک چلانے پر غور کر رہی ہے، اور اس حوالے سے عدلیہ نے بھی ایک اہم قدم اٹھایا ہے۔ چیف جسٹس عالیہ نیلم نے اس متنازع قانون کو درست طور پر معطل کر دیا ہے، جسے قانونی برادری اور عوام نے سراہا۔
یہ بھی پڑھیں: جے یو آئی کے سینئر رہنما مولانا قاری محمد یوسف انتقال کر گئے
شاہ محمود قریشی نے خط میں مزید کہا کہ پنجاب اسمبلی میں ایم پی اے ندیم قریشی کی کارکردگی نے انھیں بہت زیادہ اطمینان دیا ہے، اور وہ اپنی قید کے باوجود حالات کو بہت قریب سے دیکھ رہے ہیں۔ انھوں نے ایم پی اے ندیم قریشی کی جرات مندانہ تقریر اور موقف کو سراہا، اور کہا کہ وہ اس قانون کے خلاف قانونی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے اپنے پیغام میں اس عزم کا اظہار کیا کہ پی ٹی آئی کا مقصد ہمیشہ عوام کی فلاح و بہبود اور ان کے حقوق کا تحفظ رہا ہے، اور وہ اس قانونی جنگ کو ہر صورت جیتنے کے لیے پرعزم ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہم سب کو اس متنازع قانون کے خلاف متحد ہو کر آواز اٹھانی چاہیے تاکہ عوام کے حقوق کا تحفظ کیا جا سکے۔