راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں سابق خاتون اول بشریٰ بی بی، چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر ودیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف مختلف مواقعوں پر احتجاج کیسز کی سماعت ہوئی، ڈیوٹی جج طاہر عباس سپرا نے ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر سماعت کی۔
مجموعی طور پر پی ٹی آئی رہنماؤں کی 274 ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستوں پر سماعت ہوئی، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، سلمان اکرم راجہ، سردار عبدالقیوم نیازی ودیگر عدالت میں پیش ہوئے جبکہ عمر ایوب، شبلی فراز، زرتاج گل کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی۔
ملزمان کی جانب سے دائر ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستوں پر آج بھی دلائل مکمل نہ ہو سکے تاہم عدالت نے بشریٰ بی بی اور چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر کی 7 فروری تک متعلقہ مقدمات میں گرفتاری سے روک دیا۔
یہ بھی پڑھیں: جے یو آئی کے سینئر رہنما مولانا قاری محمد یوسف انتقال کر گئے
دریں اثناء عدالت نے زرتاج گل کی 7 مقدمات، شبلی فراز، عالیہ حمزہ کی بھی 5 سے زائد کیسز میں ضمانتوں کی درخواستیں خارج کردیں جبکہ ملزمان کی حاضری معافی کی درخواستیں بھی مسترد کر دیں۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف 26 نومبر احتجاج ،سنگجانی جلسہ ،سپریم کورٹ کے باہر احتجاج پر 5 سے زائد تھانوں میں دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمات درج ہیں۔