حکومت کا سال 2026 کی سرکاری تعطیلات کا اعلان
وفاقی حکومت نے سال 2026 کے لیے سرکاری تعطیلات کا اعلان کر دیا جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) وفاقی حکومت نے سال 2026 کے لیے سرکاری تعطیلات کا اعلان کر دیا جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

‏کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ نوٹیفکیشن کے مطابق 2026 میں مختلف اہم دنوں پر ملک بھر میں سرکاری تعطیلات ہوں گی، یومِ کشمیر 5 فروری اور یومِ پاکستان 23 مارچ کو ملک بھر میں عام سرکاری تعطیل ہو گی۔

‏نوٹیفکیشن کے مطابق عیدالفطر کے موقع پر 21، 22 اور 23 مارچ 2026 کو بھی عام تعطیل ہوگی جبکہ یومِ مزدور یکم مئی اور یومِ تکبیر 28 مئی کو سرکاری تعطیلات ہوں گی۔

‏اسی طرح عیدالاضحیٰ کے لیے 27، 28 اور 29 مئی 2026 کو عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ 9 اور 10 محرم الحرام کو بھی ملک بھر میں چھٹی ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں: جرمنی جانے کے خواہشمند طلبا کیلئے خوشخبری

‏نوٹیفکیشن کے مطابق یومِ آزادی 14 اگست، عید میلادالنبی ﷺ 25 اگست، علامہ اقبال ڈے 9 نومبر جبکہ قائداعظم ڈے اور کرسمس 25 دسمبر کو بھی ملک بھر میں عام تعطیل ہو گی۔

یہ تعطیلات سرکاری اداروں، تعلیمی اداروں اور دیگر سرکاری دفاتر کے لیے ہوں گی اور ملک بھر میں ان دنوں کو باقاعدہ تعطیل کے طور پر منایا جائے گا، اس اعلان سے عوام کو تعطیلات کے بارے میں قبل از وقت آگاہی حاصل ہو گی تاکہ وہ اپنی منصوبہ بندی بہتر طریقے سے کر سکیں۔

خیال رہے کہ ان تعطیلات کے دوران مختلف قومی دنوں اور مذہبی تہواروں کی مناسبت سے تقریبات اور دیگر اہم سرگرمیاں بھی منعقد کی جائیں گی۔