پنجاب: موسم سرما کی چھٹیاں ختم، کل سے تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز
صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب بھر کے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات ختم ہو گئیں جبکہ کل بروز پیر سے سکولوں میں نصابی سرگرمیوں کا آغاز ہو گا۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب بھر کے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات ختم ہو گئیں جبکہ کل بروز پیر سے سکولوں میں نصابی سرگرمیوں کا آغاز ہو گا۔

صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ بچوں اور اساتذہ کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے موسمِ سرما کی تعطیلات میں توسیع کی گئی تھی جس کا فیصلہ صوبہ بھر سے موصول ہونے والی رپورٹس کی بنیاد پر کیا گیا تھا۔

انہوں نے واضح کیا کہ اب تعلیمی اداروں کی تعطیلات میں مزید توسیع نہیں ہوگی اور تمام سکول مقررہ تاریخ 19 جنوری کو باقاعدہ طور پر کھلیں گے۔

واضح رہے کہ پنجاب کے تعلیمی اداروں میں گزشتہ برس 20 دسمبر سے موسم سرما کی تعطیلات کا آغاز ہوا تھا اور صوبہ بھر کے سکولوں میں 20 دسمبر سے 10 جنوری تک موسم سرما کی چھٹیاں دی گئی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب، تعلیمی بورڈ کا میٹرک امتحانات کا نیا شیڈول جاری

موسم سرما کی تعطیلات کے اختتام کے بعد 13 جنوری بروز پیر سے سکولوں میں نصابی سرگرمیوں کا آغاز ہونا تھا تاہم صوبے میں سردی کی شدت کے پیش نظر موسم سرما کی تعطیلات میں 18 جنوری تک توسیع کی گئی تھی، اب کم و بیش ایک مہینے کی چھٹیوں کے بعد سکول کل 19 جنوری سے دوبارہ کھلیں گے۔

حکام نے والدین اور طلبہ کو ہدایت کی ہے کہ سکول کھلنے کے بعد بچوں کی بروقت حاضری کو یقینی بنایا جائے اور موسم کی سختی کے دوران حفاظتی اقدامات اپنائے جائیں۔

اس کو بھی پڑھیں: میڈیکل یونیورسٹی میں داخلہ ٹیسٹ،اہم ہدایات جاری

دوسری جانب حکام نے طلبہ کی سہولت کیلئے یونیفارم کی پابندی عارضی طور پر نرم کر دی ہے، طلبہ کو اجازت دی گئی ہے کہ وہ سردی سے بچاؤ کے لیے کسی بھی رنگ کے سویٹر، کوٹ، جیکٹس، ٹوپیاں اور موزے پہن سکتے ہیں۔

جاری کردہ نوٹیفکیشن 28 فروری تک نافذ العمل رہے گا جس سے موسمِ سرما کی موجودہ سرد لہر کے دوران طلبہ کو خاطر خواہ ریلیف ملے گا۔