میڈیکل یونیورسٹی میں داخلہ ٹیسٹ،اہم ہدایات جاری
Jinnah Sindh Medical University entry test
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں میڈیکل اور ہیلتھ سائنسز پروگرامز میں داخلے کے خواہشمند طلبا کیلئے مشترکہ داخلہ ٹیسٹ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

اس ٹیسٹ میں صوبے بھر سے 4200 اہل امیدوار شرکت کریں گے، جبکہ امتحان مجموعی طور پر 510 نشستوں کیلئے لیا جا رہا ہے۔

یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق داخلہ ٹیسٹ BSN، DPT، Pharm-D اور BSMT پروگرامز کیلئے منعقد کیا جا رہا ہے۔ مجموعی طور پر 4839 امیدواروں نے ٹیسٹ کیلئے رجسٹریشن کروائی تھی، جن میں سے جانچ پڑتال کے بعد 4200 امیدواروں کو اہل قرار دیا گیا ہے۔ نشستوں کے مقابلے میں امیدواروں کی بڑی تعداد کے باعث سخت مقابلے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ امتحان کے شفاف انعقاد کیلئے 4600 امیدواروں کے بیٹھنے کے انتظامات مکمل کر لیے گئے، امتحانی عمل کی نگرانی کیلئے 257 ممتحن جبکہ 8 سے 10 کلسٹر ہیڈز کو بطور ٹیم لیڈر تعینات کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی بے ضابطگی سے بچا جا سکے۔

امتحان کے دوران جوابات کے اندراج کیلئے OMR شیٹس استعمال کی جائیں گی، جس سے نتائج کی تیاری میں شفافیت اور تیزی ممکن ہو سکے گی۔

یونیورسٹی حکام کے مطابق امتحان کا نتیجہ مکمل ہونے کے بعد جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کی آفیشل ویب سائٹ پر جاری کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان، اوقات کار جاری

امیدواروں کیلئے رپورٹنگ کا وقت صبح 09:00 بجے مقرر کیا گیا ہے، جبکہ داخلہ ٹیسٹ صبح 11:00 بجے سے دوپہر 01:00 بجے تک جاری رہے گا۔ امتحان یونیورسٹی کے دونوں کیمپسز میں منعقد کیا جا رہا ہے۔

انتظامیہ کی جانب سے طلبا کو ہدایت کی گئی ہے کہ وقت پر امتحانی مراکز پہنچیں، اپنا اصل شناختی کارڈ اور ایڈمٹ کارڈ ساتھ رکھیں اور امتحانی قوانین کی مکمل پابندی کریں تاکہ کسی قسم کی مشکل سے بچا جا سکے۔