پنجاب: تعلیمی بورڈ کا میٹرک امتحانات کا نیا شیڈول جاری
پنجاب کے تمام 9 تعلیمی بورڈز کی جانب سے میٹرک امتحانات کا نیا شیڈول جاری کر دیا گیا۔
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب کے تمام 9 تعلیمی بورڈز کی جانب سے میٹرک امتحانات کا نیا شیڈول جاری کر دیا گیا۔

سرکلر کے مطابق رمضان المبارک کے باعث میٹرک کے امتحانات کے شیڈول میں معمولی تبدیلی کی گئی ہے، نئے شیڈول کے تحت میٹرک امتحانات کا آغاز اب 3 مارچ کے بجائے 27 مارچ ہو گا جبکہ امتحانی نتائج 6 اگست 2026 کو جاری کیے جائیں گے۔

اسی طرح انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات 20 مئی سے شروع ہوں گے جبکہ امتحانی نتائج کا اعلان 23 ستمبر 2026 کو کیا جائے گا، کلاس نہم کے امتحانی نتائج 2 ستمبر کو جاری کیے جائیں گے جبکہ اور پارٹ ون کے نتائج کا اعلان 22 اگست کو ہو گا۔

نئے شیڈول کے مطابق میٹرک کے ضمنی امتحانات کا آغاز 6 اکتوبر سے ہو گا جبکہ میٹرک ضمنی امتحانات کے نتائج کا اعلان 8 دسمبر کو کیا جائے گا، انٹرمیڈیٹ کے ضمنی امتحانات 3 نومبر کو ہوں گے اور نتائج 12 جنوری 2027 کو جاری کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: سکولوں کی چھٹیوں میں توسیع ہو گی یا نہیں؟ وزیر تعلیم نے بتا دیا

حکام کی جانب سے نئے شیڈول کے مطابق تمام تعلیمی اداروں کو اپنے متعلقہ امتحانات کے انتظامات کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

اس فیصلے سے طلبہ و طالبات کو امتحانات کی تیاری کے لیے مزید وقت ملے گا، خاص طور پر رمضان کے دوران انہیں بہتر طریقے سے امتحانات کی تیاری کا موقع ملے گا، تمام تعلیمی بورڈز کی جانب سے یہ شیڈول جاری کرنے کے بعد طلبہ و طالبات کے لیے امتحانات کے حوالے سے کسی بھی ابہام کا خاتمہ ہو گیا ہے۔