شدید دھند کا راج، متعدد موٹرویز بند
Dense fog in Punjab
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب کے بیشتر میدانی علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں آ گئے جس کے باعث نظامِ زندگی بری طرح متاثر ہو گیا ہے۔

حدِ نگاہ کم ہونے کی وجہ سے موٹروے پولیس نے مختلف موٹرویز کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا، تاہم لاہور میں دھند بتدریج چھٹنے لگی اور سورج کی روشنی نمایاں ہونے لگی ہے۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق شدید دھند کے باعث موٹروے ایم 2 کو لاہور سے کوٹ مومن تک بند کر دیا گیا۔ اسی طرح موٹروے ایم 3 کو فیض پور سے سمندری تک، موٹروے ایم 4 کو شام کوٹ سے عبدالحکیم تک جبکہ لاہور سیالکوٹ موٹروے ایم 11 کو بھی ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔

ترجمان کے مطابق لاہور کا ایسٹرن بائی پاس بھی دھند کے باعث مکمل طور پر بند ہے۔ اس کے علاوہ قومی شاہراہ پر بھی صورتحال تشویشناک ہے جہاں لاہور، مانگا منڈی، پھول نگر اور پتوکی کے علاقوں میں دھند نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں اور گاڑیوں کی آمد و رفت شدید متاثر ہو رہی ہے۔

موٹروے پولیس نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور دورانِ سفر فوگ لائٹس استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:لاہور جانے والی ٹرین میں آگ لگ گئی

 

 

حکام کا کہنا ہے کہ جب تک حدِ نگاہ بہتر نہیں ہوتی، موٹرویز کو بند رکھا جائے گا، مسافروں سے اپیل کی گئی ہے کہ سفر سے قبل موٹروے پولیس ہیلپ لائن 130 سے تازہ صورتحال معلوم کریں۔

دوسری جانب لاہور میں دھند کے اثرات کم ہونا شروع ہو گئے ہیں اور سورج نکلنے سے موسم میں بہتری آ رہی ہے، تاہم دیگر میدانی علاقوں میں دھند تاحال برقرار ہے، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔