بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کیخلاف کریک ڈاؤن شروع
Islamabad e-tag crackdown
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کیخلاف باقاعدہ کارروائیاں شروع کر دی گئیں، جس کے تحت شہر میں داخل ہونے والی گاڑیوں کی سخت جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔

انتظامیہ کی جانب سے شہر کی تین مرکزی شاہراہوں پر ناکے لگا کر بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کو روکا جا رہا ہے اور موقع پر ہی ایم ٹیگ نصب کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق 9 ایونیو ناکہ، مارگلہ ایونیو اور ناکہ جی 14 پر خصوصی چیک پوسٹس قائم کر دی گئی ہیں، جہاں اسلام آباد میں داخل ہونے والی تمام گاڑیوں کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ ان تینوں اہم داخلی راستوں پر انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کی ٹیمیں تعینات ہیں تاکہ بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کو شہر میں داخل ہونے سے روکا جا سکے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ  بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کو ناکوں پر ہی روک کر ان پر ایم ٹیگ لگایا جائے گا، تاکہ شہریوں کو غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی رضا اور ایس پی ڈولفن نے مختلف ناکہ جات کا دورہ کیا اور جاری اقدامات کا جائزہ لیا۔

واضح رہے کہ شہر بھر میں 12 انٹری پوائنٹس پر نصب ایم ٹیگ ریڈرز کو فعال کر دیا گیا ہے، جس کے بعد بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کی خودکار شناخت ممکن ہو گئی۔ ایم ٹیگ ریڈرز کے ذریعے شہر میں داخل ہونے والی تمام گاڑیوں کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کو فوری طور پر روکا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:سعودی عرب ورک ویزا کے خواہشمند پاکستانیوں کیلئے اہم خبر

ڈی جی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے مطابق شہریوں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے 24 گھنٹے ایم ٹیگ لگانے کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے۔ اس مقصد کیلئے شہر بھر میں 16 مختلف پوائنٹس پر ایم ٹیگ انسٹالیشن مراکز قائم کیے گئے ہیں۔

ایم ٹیگ نظام سے نہ صرف ٹریفک مینجمنٹ بہتر ہوگی بلکہ شہریوں کی سہولت اور شہر کی سیکیورٹی میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔