گھر بیٹھے پیدائشی سرٹیفکیٹ کے حصول کی نئی سہولت متعارف
نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کو گھر بیٹھے برتھ سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کی سہولت فراہم کر دی۔
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کو گھر بیٹھے برتھ سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کی سہولت فراہم کر دی۔

نادرا پاکستان کی جانب سے نئی سہولت متعارف کرائے جانے کے بعد شہریوں کو اب پیدائش کے اندراج کے لئے یونین کونسل جانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

نادرا کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ شہری اب پاک آئی ڈی موبائل ایپ استعمال کر کے اپنے متعلقہ یونین کونسل میں پیدائش کا اندراج کرا سکتے ہیں، یہ نئی سہولت ابتدائی طور پر پنجاب کے تمام اضلاع اور صوبہ سندھ کے مخصوص علاقوں میں دستیاب ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں: گھر بیٹھے نادرا ریکارڈ تبدیل کرانے کی سہولت متعارف

اعلامیہ کے مطابق سندھ کے علاقوں کراچی شرقی، وسطی، نوشہروفیروز، میرپورخاص، شہید بینظیر آباد، لاڑکانہ، جامشورو، ٹنڈوالہٰیار اور ٹنڈومحمد خان کے شہری اس نئی سہولت سے مستفید ہو سکیں گے جبکہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے شہری بھی اس سہولت سے استفادہ کر سکیں گے۔

نادرا حکام کی جانب سے نے اس بات کی وضاحت کی گئی کہ اس سہولت کا دائرہ کار جلد ہی ملک بھر تک بڑھا دیا جائے گا اور اس کے لیے کام جاری ہے، یہ اقدام شہریوں کی سہولت کے لئے اٹھایا گیا ہے تاکہ وہ بغیر کسی دشواری کے گھر بیٹھے اپنے برتھ سرٹیفکیٹ حاصل کر سکیں۔

اس کو بھی پڑھیں: نادرا کا شہریوں کا فیملی ڈیٹا محفوظ بنانے کیلئے اہم اقدام

اس سروس کے استعمال کے ذریعے شہریوں کو اب پیدائشی سرٹیفکیٹ کے حصول کے لئے کسی بھی دفتر یا یونین کونسل جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی اور وہ گھر بیٹھے ہی اپنے موبائل فون کے ذریعے یہ کام باآسانی کر سکیں گے۔

حکام کے مطابق نادرا نے اس سروس کو شہریوں کے لیے آسان اور تیز تر بنانے کی کوشش کی ہے جس سے خاص طور پر دور دراز علاقوں کے رہائشیوں کو فائدہ پہنچے گا۔