محکمہ سکول ایجوکیشن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق نظرثانی شدہ اوقات کار 19 جنوری سے 15 اپریل 2026 تک لاگو ہوں گے۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ سنگل شفٹ والے سکول پیر سے جمعرات تک صبح 10 بجے سے دوپہر 2 بج کر 15 منٹ تک لگیں گے جبکہ جمعہ کے روز سنگل شفٹ سکولوں کے اوقات صبح 10 بجے سے 12 بج کر 30 منٹ تک ہوں گے۔
اسی طرح ڈبل شفٹ والے سکولوں میں مارننگ شفٹ کا وقت صبح 10 بجے سے لے کر 2 بجے تک ہوگا جبکہ ڈبل شفٹ والے سکولوں کی آفٹر نون شفٹ 2 بج کر 15 منٹ سے 4 بج کر 45 منٹ تک ہو گی۔
یہ بھی پڑھیں: تعلیمی اداروں میں ایک ہفتے کی اضافی چھٹیوں کا اعلان
نوٹیفکیشن کے مطابق اساتذہ کے لیے پیر تا جمعرات اوقات میں توسیع کر دی گئی ہے ، اساتذہ کے لیے تیاری اور تربیتی سرگرمیوں کو شامل کیا گیا ہے ، اساتذہ کو سی پی ڈی، تربیت اور نصابی سرگرمیوں کا پابند کیا گیا۔
محکمہ سکول ایجوکیشن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق متبادل ہفتہ کو اساتذہ کی حاضری لازمی ہو گی، سی ای اوز ایجوکیشن کو نوٹیفکیشن پر من و عن عملدرآمد کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
علاوہ ازیں پنجاب حکومت کی جانب سے لڑکوں اور لڑکیوں کے سکولوں کے اوقات کار میں 15 منٹ کی ایڈجسٹمنٹ کا اختیار دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پنجاب بھر کے سکولوں میں 19 جنوری سے تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز ہو گا، صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے واضح کیا ہے کہ اب تعلیمی اداروں کی تعطیلات میں مزید توسیع نہیں ہوگی اور تمام سکول مقررہ تاریخ 19 جنوری کو باقاعدہ طور پر کھلیں گے۔
اس کو بھی پڑھیں: نئی فیسوں کا اطلاق، درسی کتب 50 فیصد مہنگی ہونے کا امکان
دوسری جانب شدید سرد موسم کے باعث طلبہ کیلئے ایک اور اہم ریلیف کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے، ڈائریکٹوریٹ آف پبلک انسٹرکشن (ڈی پی آئی) کالجز نے یونیفارم کے حوالے سے نرمی کی اجازت دیتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق طلبہ کو اجازت دی گئی ہے کہ وہ سردی سے بچاؤ کے لیے کسی بھی رنگ کے سویٹر، کوٹ، جیکٹس، ٹوپیاں اور موزے پہن سکتے ہیں اور اس ضمن میں یونیفارم کی پابندی عارضی طور پر نرم کر دی گئی ہے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن 28 فروری تک نافذ العمل رہے گا جس سے موسمِ سرما کی موجودہ سرد لہر کے دوران طلبہ کو خاطر خواہ ریلیف ملے گا۔