سینیئر نیوز کاسٹرعشرت فاطمہ کی پی ٹی وی میں واپسی
Ishrat Fatima PTV
فائل فوٹو
اسلام آباد:(ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے سینیئر نیوز کاسٹر عشرت فاطمہ کی پاکستان ٹیلی ویژن میں بطور مینٹور واپسی کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے.

قومی نشریاتی ادارے پاکستان ٹیلی ویژن کے لیے ایک خوش آئند پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں سینئر نیوز کاسٹر عشرت فاطمہ نے بطور مینٹور دوبارہ پی ٹی وی کا حصہ بننے پر آمادگی ظاہر کردی ہے۔

اس حوالے سے انہوں نے اسلام آباد میں عشرت فاطمہ کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کی، اس موقع پر وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات اشفاق احمد خلیل، وزیراعظم کے میڈیا کوآرڈینیٹر بدر شہباز اور پرنسپل انفارمیشن آفیسر مبشر حسن بھی موجود تھے۔

یہ بھی پڑھیں: معروف براڈکاسٹرعشرت فاطمہ کا 45 سال بعد ریڈیو پاکستان کو خیرباد

وفاقی وزیر نے عشرت فاطمہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انکی جانب سے پی ٹی وی میں دوبارہ خدمات انجام دینے کا فیصلہ ادارے کے لیے نہایت اہم ہے۔

عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ عشرت فاطمہ کا طویل تجربہ اور پیشہ ورانہ مہارت نئے آنے والے نیوز کاسٹرز کی تربیت میں کلیدی کردار ادا کرے گی ، انہوں نے عشرت فاطمہ کو ایک باوقار اور قابل تقلید نیوز کاسٹر قرار دیتے ہوئے کہا کہ انکی آواز ہر پاکستانی کے لیے مانوس ہے کیونکہ انہوں نے ساڑھے چار دہائیوں سے زائد عرصے تک قوم کو باخبر رکھنے میں اہم خدمات سر انجام دیں جو قومی نشریاتی تاریخ کا قابل فخر باب ہے۔