عمران خان رہا ہونگے، آزادی کا سورج جلد طلوع ہوگا: سہیل آفریدی
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی
سہیل آفریدی نے ایک روز دورہ کراچی میں سہراب گوٹھ پر ریلی کے دوران جاں بحق پی ٹی آئی کارکن بلال محسود کے اہل خانہ سے تعزیت کے بعد خطاب کیا/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ملک میں آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور عدلیہ کی آزادی کیلئے جدوجہد کر رہی ہے، آزادی کا سورج جلد طلوع ہوگا اور بانی پی ٹی آئی جلد رہا ہوں گے، ہم بلال محسود کی فیملی کے ساتھ مرتے دم تک کھڑے رہیں گے۔

سہیل آفریدی نے ایک روز دورہ کراچی میں سہراب گوٹھ پر ریلی کے دوران جاں بحق پی ٹی آئی کارکن بلال محسود کے اہل خانہ سے تعزیت کے بعد اپنے خطاب میں کہا کہ تحریک انصاف پاکستان کی واحد تحریک اور قومی جماعت ہے ، سہراب گوٹھ میں بلال محسود شہید ہوا ہے، پی ٹی آئی کا ہر ورکر ہمارا قیمتی اثاثہ ہے ، پی ٹی آئی کے ورکر عمران خان کی امانت ہیں ہمیں ان کا خیال رکھنا ہے ، آج میرا لیڈر جیل میں ہے تو ہمیں ورکر زکو بے یارو مددگار نہیں چھوڑنا، اگر ہم نے انہیں بے یارو مدد گار چھوڑا تو قوم ہمیں معاف نہیں کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: سابق وزیر اعلی پنجاب پرویز الہی پر فردِ جرم عائد

ان کا کہنا تھا کہ ایک نظریاتی ورکر بھی اگر تحریک میں کھڑا ہے تو یہ تحریک جاری ہے یہ تحریک کم نہیں پڑے گی مزید بڑھے گی، میں بلال محسود کی فیملی کے ساتھ تعزیت کرتا ہوں، ہم ہر خوشی اور غم میں ورکر کے ساتھ کھڑے ہیں، اللہ کرے ایسے غم ہمیں نصیب نہ ہوں، پی ٹی آئی سندھ نے بلال محسود کے گھر کی ذمہ داری لی ہے ، میں اپنے طور پر ان کی ہر ممکن مدد کروں گا۔

قبل ازیں وزیر اعلی ٰ سہیل آفریدی نے پولیس لائن ٹانک کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پیر کے روز پیش آنے والے دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ بعد ازاں انہوں نے علاقائی عمائدین اور شہدائے پولیس کے ورثاسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس دہشت گردی کے خلاف جنگ میں صفِ اول کا کردار ادا کر رہی اور پوری جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کے ساتھ امن دشمن عناصر کا مقابلہ کر رہی ہے ۔ پولیس فورس کے تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔