ترجمان سنٹرل ریجن سید عمران احمد نے بتایا کہ موٹروے ایم 2 کو لاہور سے کوٹ مومن تک دھند کی وجہ سے بند کر دیا گیا، لاہور سیالکوٹ موٹروے ایم 11 بھی دھند کی وجہ سے بند ہے، موٹروے ایم 3 پر بھی فیض پور سے رجانہ تک دھند کی وجہ سے ٹریفک کا داخلہ بند کر دیا گیا۔
موٹروے ترجمان کا کہنا تھا کہ موٹروے ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے گوجرہ تک دھند کی وجہ سے بند ہے جبکہ لاہور ایسٹرن بائی پاس پر حد نگاہ کم ہونے پر ٹریفک کا داخلہ ممنوع ہے۔
انہوں نے کہا کہ موٹرویز کی بندش کا مقصد عوام کی جان و مال کا تحفظ ہے، قومی شاہرات پر شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ خطرناک حد تک کم ہے، دھند کے باعث موٹر ویز کی بندش کے باعث ٹریفک کا غیر متوقع دباؤ قومی شاہرات پر منتقل ہو گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب بھر میں بارشوں اور سردی کی شدت میں اضافے کا الرٹ
ترجمان کا کہنا تھا کہ موٹروے پولیس قومی شاہرات پر ٹریفک کے بہاؤ کو یقینی بنا رہی ہے، قومی شاہرات پر دھند کا پیٹرن موٹروے سے مختلف ہے جہاں ٹکڑوں کی صورت میں دھند مشاہدہ میں آ رہی ہے، ٹکڑوں میں اچانک دھند دیکھنے کی صلاحیت کو متاثر کر سکتی ہے۔
سنٹرل ریجن ترجمان کا کہنا تھا کہ ٹکڑوں میں دھند ڈرائیونگ کے لیے انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتی ہے، دھند کے دوران غیر ضروری سفر اپنے اور دوسروں کے لیے خطرے کا سبب بن سکتا ہے، شہریوں سے اپیل ہے کہ دھند میں غیر ضروری سفر نہ کریں، محفوظ رہیں۔
اس کو بھی پڑھیں: شدید دھند کے باعث موٹر وے کے مختلف سیکشنز بند
انہوں نے مزید کہا کہ صرف دن کے وقت سفر کریں تاکہ بحفاظت اپنے گھروں کو پہنچ سکیں، دھند کے موسم میں صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک بہترین اور محفوظ سفری اوقات ہیں، دھند میں تیز رفتاری اور غیر ضروری سفر حادثات اور قیمتی جانوں کے ضیاع کا سبب بن سکتا ہے۔