نئے کرنسی نوٹوں کی گونج، پرانے نوٹ چلیں گے یا نہیں؟
نئے کرنسی نوٹوں کی  آمد کے بعد پرانے نوٹ  قابل استعمال ہونے یا  ہونے سے  متعلق  عوام میں تشویش پائی جارہی ہے تاہم اب اس حوالے سے اہم خبر سامنے آئی ہے۔
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک ) نئے کرنسی نوٹوں کی آمد کے بعد پرانے نوٹ قابل استعمال ہونے یا ہونے سے متعلق عوام میں تشویش پائی جارہی ہے تاہم اب اس حوالے سے اہم خبر سامنے آئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق حکومتِ پاکستان نے 10 روپے سے لیکر پانچ ہزار روپے تک کے کرنسی نوٹوں کے نئے ڈیزائن اور بہتر سکیورٹی فیچرز کے ساتھ اجراء کا فیصلہ کیا ہے ، نئے کرنسی نوٹوں کی چھپائی کے لیے تکنیکی اور انتظامی سطح پر تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار پلاسٹک (پولیمر) کرنسی نوٹ متعارف کرانے پر کام کیا جا رہا ہے۔

سکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن کا کہنا ہے کہ جدید مشینری پہلے ہی دستیاب ہے اور جیسے ہی ڈیزائن موصول ہوں گے، پرنٹنگ کا عمل فوری طور پر شروع کیا جا سکتا ہے تاہم حکام کے مطابق نئی کرنسی کی چھپائی میں کم از کم دو ماہ کا وقت درکار ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے نوٹوں کی آمد کے بعد پرانے نوٹ فوری طور پر ختم نہیں کیے جائیں گے بلکہ حکومت انہیں مرحلہ وار تبدیل کرے گی، نوٹوں کی تبدیلی کے لئے مرکزی بینک اور دیگر تمام بینکوں کو ایک مخصوص ٹائم لائن (مدت) دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: نئے کرنسی نوٹوں کا اجرا، اہم پیشرفت سامنے آگئی

حکومت کی جانب سے دی گئی کے دوران شہری اپنے پرانے نوٹ بینکوں میں جمع کروا کر نئے نوٹ حاصل کر سکیں گے ، شنید ہے کہ نئے ڈیزائن والے یہ نوٹ رواں سال (2026) کے دوران ہی مارکیٹ میں آ جائیں گے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ حکومت تمام بینکوں کو ہدایت دے گی کہ وہ پرانے نوٹ نئے نوٹوں سے تبدیل کرنے کے لیے واضح ٹائم لائن جاری کریں۔

حکام کا کہنا ہے کہ نئی کرنسی کو جدید ترین سکیورٹی فیچرز سے مزین کیا جائے گا، جن کا مقصد جعلی نوٹوں کی روک تھام اور کرنسی کو عالمی معیار کے مطابق بنانا ہے۔