نئے کرنسی نوٹوں کا اجرا، اہم پیشرفت سامنے آگئی
سٹیٹ بینک آف پاکستان
پاکستان میں نئے کرنسی نوٹوں کے اجرا کی تیاریوں کے حوالے سے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) پاکستان میں نئے کرنسی نوٹوں کے اجرا کی تیاریوں کے حوالے سے اہم پیشرفت سامنے آگئی۔ نئے کرنسی نوٹوں کی چھپائی کے لیے تکنیکی اور انتظامی سطح پر تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ، تاہم حتمی ڈیزائن کی منظوری نہ ملنے کے باعث عمل تاحال شروع نہیں ہو سکا۔

تفصیلات کے مطابق نئی کرنسی کو جدید ترین سکیورٹی فیچرز سے مزین کیا جائے گا، جن کا مقصد جعلی نوٹوں کی روک تھام اور کرنسی کو عالمی معیار کے مطابق بنانا ہے۔ سکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن کا کہنا ہے کہ جدید مشینری پہلے ہی دستیاب ہے اور جیسے ہی ڈیزائن موصول ہوں گے، پرنٹنگ کا عمل فوری طور پر شروع کیا جا سکتا ہے۔ حکام کے مطابق نئی کرنسی کی چھپائی میں کم از کم دو ماہ کا وقت درکار ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: عالمی منڈی میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بڑی کمی

سکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن کے سینئر منیجر پرنٹنگ عامر شمس نے بتایا کہ اسٹیٹ بینک اور سکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن کے درمیان نئی کرنسی کی چھپائی کے حوالے سے ابتدائی مشاورت ہو چکی ہے۔ ان کے مطابق یہ ابھی طے نہیں ہو سکا کہ نئی کرنسی کے ڈیزائن مرحلہ وار جاری کیے جائیں گے یا تمام مالیت کے نوٹ ایک ساتھ متعارف کروائے جائیں گے۔ یہ معاملہ اس وقت سٹیٹ بینک میں زیر غور ہے اور امکان ہے کہ رواں سال نئی کرنسی کی چھپائی کے لیے باقاعدہ ٹائم لائن جاری کر دی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق سٹیٹ بینک نے نئے ڈیزائن والے کرنسی نوٹوں کے مختلف خاکے تیار کر کے شارٹ لسٹ کر لیے ہیں، جو حکومت کو ارسال کیے جا چکے ہیں۔ تاہم ان نوٹوں کی چھپائی کا حتمی آرڈر اس وقت تک جاری نہیں کیا جائے گا جب تک وفاقی کابینہ سے باضابطہ منظوری حاصل نہ ہو جائے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اگر کابینہ کی منظوری مقررہ وقت پر مل گئی تو 2026 کے آخری مہینوں میں نئے ڈیزائن والے کرنسی نوٹ عوام کے لیے جاری کیے جا سکتے ہیں۔ نئی کرنسی کے اجرا کو پاکستان کے مالیاتی نظام میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے نہ صرف کرنسی کی ساکھ بہتر ہوگی بلکہ سکیورٹی کے حوالے سے بھی نمایاں بہتری متوقع ہے۔