قومی اسمبلی ذرائع کے مطابق سپیکر ایاز صادق نے آج اپوزیشن لیڈر کے معاملے پر مشاورت کی، سپیکر چیمبر میں قائد حزبِ اختلاف کی تقرری سے متعلق سکروٹنی کی گئی، سیکرٹری قومی اسمبلی اور سپیشل سیکرٹری لاء مشاورتی عمل میں شریک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق اپوزیشن لیڈر کی تقرری کے لئے تصدیقی عمل کا بھی جائزہ لیا گیا، بعدازاں سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق مشاورت مکمل کرنے کے بعد پارلیمنٹ ہاوس سے روانہ ہو گئے۔
قومی اسمبلی ذرائع کا بتانا ہے کہ اپوزیشن لیڈر کی تقرری سے متعلق فیصلہ آج شام یا کل فائنل ہو جائے گا، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق قائد حزب اختلاف کا نوٹیفکیشن اپوزیشن رہنماؤں کے حوالے بھی کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: سیاسی شخصیات کے ناموں پر فینسی نمبر پلیٹس کی نیلامی کا اعلان
دوسری جانب وفاقی وزیر طارق فضل چودھری نے پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کی تقرری کے لیے قوائد و ضوابط موجود ہیں، اسپیکر قومی اسمبلی نے اجلاس کے دوران قوائد و ضوابط پڑھ کر بتائے ہیں کہ تقرری کیسے ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ انہی قوانین کو فالو کرتے ہوئے آج یا کل اپوزیشن لیڈر کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری ہو جائے گا، کل پی ٹی آئی کے اراکین اسپیکر قومی اسمبلی سے ملے ہیں، اپوزیشن نے اسپیکر کو محمود خان اچکزئی کا نام دیا ہے، اپوزیشن کے ایم این ایز وقتاً فوقتاً اسپیکر چیمبر کا دورہ کرتے رہتے ہیں، اپوزیشن لیڈر کی تقرری کے لیے یہی فورم ہے۔
اس کو بھی پڑھیں: جنید صفدر کی دوسری شادی کا کارڈ سوشل میڈیا پر وائرل
ڈاکٹر طارق فضل چودھری کا مزید کہنا تھا کہ مذاکرات کا عمل شروع کرنے کا بہترین طریقہ سپیکر قومی اسمبلی ہیں، مذاکرات کا راستہ سپیکر آفس سے ہی کھلتا ہے، مشروط مذاکرات کبھی بھی کامیاب نہیں ہوتے، ہم کھلے دل اور کھلے ذہن کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔