وفاقی دارالحکومت میں ایک نجی ہوٹل میں منعقد ہونے والی تقریب میں پارٹی کی مرکزی قیادت، کارکنان اور رفقا کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر مشتاق احمد نے کہا کہ پاکستان رائٹس موومنٹ اپنی تمام کارروائیاں 1973 کے آئین کے اصولوں کے مطابق کرے گی اور اس بات کو یقینی بنائے گی کہ عام آدمی اپنے بنیادی حقوق سے محروم نہ رہے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت کا مقصد برابری کی سطح پر سب کی خدمت کرنا اور معاشرت میں انصاف کے تقاضوں کو پورا کرنا ہے، پارٹی اللہ تعالیٰ کی حاکمیت اور اسلامی اصولوں کو تسلیم کرتے ہوئے چلائی جائے گی اور چند مخصوص طبقات کی اجارہ داری کو ختم کرنے کیلئے کام کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان رائٹس موومنٹ سماجی و معاشی انصاف، فوری اور سستا انصاف، آزادیٔ اظہار، تعلیم اور صحت کی فراہمی، غربت اور کرپشن کے خاتمے، ماورائے عدالت قتل اور غیر ضروری ملٹری آپریشنز کے خاتمے کیلئے سرگرم عمل رہے گی۔
یہ بھی پڑھیں:دہشتگرد حملے میں ممتاز عالم دین مولانا حافظ سلطان محمد شہید
مشتاق احمد نے موجودہ پارلیمانی نظام کو جعلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں صحافت اور اظہار رائے پر پابندیاں ہیں، بے روزگاری، مہنگائی، غذائی عدم تحفظ، منشیات، ماحولیاتی آلودگی اور کرپشن سنگین مسائل بن چکے ہیں۔
انہوں نے پارٹی کارکنان اور عوام سے اپیل کی کہ وہ پاکستان رائٹس موومنٹ کے پلیٹ فارم پر متحد ہو کر ملک میں انصاف، شفافیت اور حقیقی تبدیلی لانے میں حصہ لیں، یہ جماعت عوام کے حقوق کی حقیقی آواز بنے گی اور آئندہ انتخابات میں بھرپور حصہ لے کر ملک میں مثبت تبدیلی کا پیغام دے گی۔