کراچی: 24 گھنٹوں کیلیے گیس کی فراہمی بند کرنے کا اعلان
سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی)
سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) نے کراچی میں 24 گھنٹوں کیلیے گیس کی فراہمی بند کرنے کا اعلان کر دیا/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک): سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) نے کراچی میں 24 گھنٹوں کیلیے گیس کی فراہمی بند کرنے کا اعلان کر دیا۔

ترجمان ایس ایس جی سی کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ ادارہ اپنے صارفین کو بہتر گیس پریشر فراہم کرنے کیلیے مسلسل کوشاں ہے۔

ایس ایس جی سی کے مطابق موسم سرما میں گیس کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر انتظامیہ نے ایک بار پھر فیصلہ کیا ہے کہ گھریلو اور کمرشل صارفین کو بہتر پریشر فراہم کرنے کیلیے کراچی کے صنعتی صارفین کو 24 گھنٹوں کیلیے فراہمی بند کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں:ایچ ای سی کے جامع آٹومیشن سسٹم مکتب کا باقاعدہ آغاز

صنعتی صارفین کو 11 جنوری بروز اتوار کو صبح 8 بجے سے اگلے 24 گھنٹوں کیلیے یعنی 12 جنوری بروز پیر صبح 8 بجے تک گیس کی فراہمی منقطع رہے گی۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ اس دوران اگر کسی گھریلو صارف کو پریشر کی کوئی شکایت درپیش ہو تو وہ 24 گھنٹے آپریشنل ہیلپ لائن 1199 پر اپنی شکایت کا اندراج کروائے جس کا فوری طور پر ازالہ کیا جائے گا۔

ایس ایس جی سی نے واضح کیا کہ حسب معمول روزانہ کی بنیاد پر گھریلو اور کمرشل صارفین کو گیس لوڈ مینجمنٹ کے تحت رات 10 بجے سے صبح 5 بجے تک گیس کی فراہمی منقطع رہے گی۔