نجکاری کمیشن بورڈ کا اجلاس، مزید سرکاری اداروں کی نجکاری پر غور
وفاقی حکومت نے مزید سرکاری اداروں کی نجکاری پر غور شروع کر دیا، نجکاری کمیشن بورڈ کے اجلاس میں اہم فیصلے ہو گئے۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) وفاقی حکومت نے مزید سرکاری اداروں کی نجکاری پر غور شروع کر دیا، نجکاری کمیشن بورڈ کے اجلاس میں اہم فیصلے ہو گئے۔

اعلامیہ کے مطابق چیئرمین نجکاری کمیشن محمد علی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں ہاؤس بلڈنگ فنانس کمپنی لمیٹڈ، روزویلٹ ہوٹل، نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ڈسکوز بیچ دوم کی نجکاری بارے فیصلے ہوئے، بورڈ نےہاؤس بلڈنگ فنانس کمپنی کے51 فیصد حصص کیلئے مذاکراتی فروخت کے عمل کو ختم کرنے کی سفارش کر دی۔

بورڈ کے اعلامیہ کے مطابق اس عمل میں پاکستان مارگیج ری فنانس کمپنی واحد بولی دہندہ تھی ، کابینہ کی نجکاری کمیٹی نے کمپنی کیلئے 13.55 ارب روپے کی ریفرنس قیمت کی منظوری دی تھی،پاکستان مارگیج ری فنانس کمپنی نے اس کے مقابلے میں 4.2 ارب روپے کی بولی جمع کرائی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: عارف حبیب گروپ نے پی آئی اے کو خرید لیا

اعلامیہ کے مطابق بورڈ نےہاؤس بلڈنگ فنانس کمپنی کی نجکاری نئے سرے سے شروع کرنے کی سفارش کی ، بورڈ نے ہاؤس بلڈنگ فنانس کمپنی کی نجکاری کیلئے ایک نیا مالی مشیر مقرر کرنے کی ہدایت کی جبکہ بورڈ نے روزویلٹ ہوٹل کی نجکاری کے لیے مالی مشیر کی تقرری کے عمل کو منسوخ کر دیا۔

اجلاس کے اعلامیہ میں بتایا گیا کہ بورڈ نے مالی مشیر کی تقرری کے لیے نئی اظہارِ دلچسپی طلب کرنے کی ہدایت دی ، یہ فیصلہ اس لیے کیا گیا تاکہ مسابقتی عمل کو یقینی بنایا جا سکے۔

بورڈ نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو نجکاری پروگرام میں شامل کرنے کی سفارش کرتے ہوئے معاملہ کو کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کو بھیجنے کی بھی ہدایت کر دی ، بورڈ نے سفارش کی کہ ایئرپورٹ کو مسابقتی عمل کے تحت رعایتی ماڈل کے ساتھ آگے بڑھا جائے۔

اس کو بھی پڑھیں: پی آئی اے کی نجکاری کے لیے بولیاں موصول

اعلامیہ کے مطابق کابینہ کمیٹی برائے بین الحکومتی تجارتی لین دین نے یکم جنوری 2026ء کو جی ٹو جی طریقہ کار کو مسترد کر دیا تھا، بورڈ نے نجکاری کمیشن کو اس لین دین کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک کو مالی مشیر مقرر کرنے کی تجویز دی ، بورڈ نے نجکاری کمیشن کو اے ڈی بی کے ساتھ براہِ راست مذاکرات کی اجازت دے دی۔

نجکاری کمیشن بورڈ نے حیسکو اور سیپکو کی نجکاری کے لیے ٹرانزیکشن کمیٹی کے قیام کی بھی منظوری دی ، یہ کمیٹی مالی مشیر رائفائزن انویسٹمنٹ کی دستاویزات اور پیش رفت کا جائزہ لے گی، بورڈ نے نجکاری لین دین منظم، مسابقتی اور شفاف طریقہ کار کے ساتھ کرنے کا بھی اعادہ کیا۔