لاہور بار کے صدارتی امیدوار کے کیمپ میں خطاب کرتے ہوئے محمود اچکزئی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی میں ڈسپلن کی کمی ہے، ہر 100 بندے کا الگ لیڈر ہے، کل کا جلوس بہت بڑا تھا لیکن ایک بھی اسپیکر اور مائیک نہیں تھا۔
محمود اچکزئی نے کہا کہ ہم نے مشکل وقت میں پی ٹی آئی کا ساتھ دیا ہے، ہم یہاں عہدوں کے لیےنہیں آئے، ہماری سیاسی تربیت یہ ہے کہ ہمیشہ مظلوموں کے ساتھ کھڑا ہونا ہے، ہم پاکستان میں تحریکوں کے وارث ہیں، اگر کوئی اپنی غلطی تسلیم کر لے گا تو مذاکرات ہو سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: نو مئی مقدمات، یاسمین راشد کا سزاؤں کیخلاف عدالت سے رجوع
بعدازاں سربراہ اپوزیشن اتحاد محمود اچکزئی نے لاہور ہائی کورٹ کراچی شہدا ہال میں پی ٹی آئی ویمن ونگ کی تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ یہ نہیں کہا جا سکتا کہ ہمارے ہاں خواتین کو آزادی حاصل ہے، مردوں میں آج بھی تاثر پایا جاتا ہے کہ عورت کی عقل کم ہے، صرف دوپٹہ پہنانا اور بازاروں میں جانے سے عورت کے حقوق سے جان نہیں چھڑائی جا سکتی۔
محمود اچکزئی کا کہنا تھا کہ کہ خدا نے عورت کو اس کی حیثیت دی ہے کہ جنت ماں کے قدموں تلے ہے لیکن آج بھی بلوچ سردار، پنجابی چودھری، سندھی وڈیرے اور پشتون عورت کو اس کا حق نہیں دیتے، عورت کو اپنے باپ کے حکم پر ہر طرح کے مرد کے ساتھ گزارا کرنا پڑتا ہے۔
اس کو بھی پڑھیں: سہیل آفریدی کی کراچی آمد، سعید غنی نے استقبال کیا
سربراہ اپوزیشن اتحاد نے کہا کہ 8 فروری کو عوام کے حق پر ڈاکہ مارا گیا، یہاں ظالموں کی پرورش ہوتی ہے، اس نظام کے خلاف ہم نے منظم ہو کر نکلنا ہے کیونکہ مظلوموں کی تعداد کروڑوں میں ہے جبکہ ظالم لاکھوں میں ہیں۔
احتجاج کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے کارکنان سوشل میڈیا پر اپنے رہنماؤں سے نالاں ہیں، آج سے مہم شروع کریں کہ ایک دن اپنا کاروبار بند کریں، 8 فروری کو سڑکوں پر نکلیں ۔