سہیل آفریدی کی کراچی آمد، سعید غنی نے استقبال کیا
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی کراچی آمد پر صوبائی وزیر سعید غنی نے ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا۔
فوٹو سکرین گریب
کراچی: (سنو نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی کراچی آمد پر صوبائی وزیر سعید غنی نے ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی ایئرپورٹ آمد پر سعید غنی نے انہیں سندھی ٹوپی اور اجرک پہنائی جبکہ بعدازاں سہیل آفریدی قافلے کی شکل میں ایئر پورٹ سے روانہ ہو کر مزار قائد پہنچے۔

صوبائی حکومت کی جانب سے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو دورہ سندھ کے دوران وزیر اعلیٰ کا سرکاری پروٹوکول دیا جا رہا ہے۔

خیال رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی آج 9 جنوری تا 12 جنوری سند ھ کے تین روزہ دورے پر کراچی پہنچے ہیں اور دورے کے پہلے ہی روز انصاف ہاؤس میں ان کی اہم ملاقات شیڈول ہیں، جس کے بعد وہ کراچی پریس کلب جائیں گے۔

سہیل آفریدی اپنے دورے کے دوسرے روز کراچی سے حیدرآباد جائیں گے، جہاں وہ حیدرآباد بار سے خطاب اور اس ٹریٹ موومنٹ میں حصہ لیں گے، دورے کے تیسرے روز وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کراچی بار سے خطاب کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ منعقد کیا جائے گا، سہیل آفریدی

ذرائع کا بتانا ہے کہ سہیل آفریدی پیر کو وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات کریں گے، خیال رہے کہ سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجا، صوبائی وزیر مینا خان آفریدی، رکن قومی اسمبلی شاہد خٹک اور معاون خصوصی شفیع جان بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ ہیں۔

واضح رہے کہ کراچی آمد سے قبل ایئرپورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ اپنے قائد کا پیغام لے کر سندھ جا رہے ہیں، کراچی کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ منعقد کیا جائے گا، اس مقصد کیلئے سندھ میں مختلف سرگرمیاں پلان کی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بڑے شہر میں نانبائیوں کی ہڑتال کا اعلان

سہیل آفریدی نے پارٹی کارکنان کو ہدایت کی کہ اتوار کو مزار قائد پر ہونے والے جلسے کی تیاریاں آج سے ہی شروع کر دیں، کارکنان سے اپیل ہے کہ وہ اسٹریٹ موومنٹ میں بھرپور ساتھ دیں۔