پاکستان نے باضابطہ طور پر اپنی تاریخ کی پہلی فیری سروس کا آغاز کر دیا ہے جو بحری تجارت کو مضبوط بنانے اور ملک کی بلیو اکانومی کو فروغ دینے کے لیے ایک تاریخی اقدام ہے۔
کراچی میں قائم نئے فیری ٹرمینل کی افتتاحی تقریب میں وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انور چوہدری نے شرکت کی اور اسے ملک کے لیے ایک بڑا اعزاز اور اہم کامیابی قرار دیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنید انور چوہدری نے کہا کہ جب انہوں نے سات ماہ قبل وزارت کا چارج سنبھالا تو بندرگاہوں کے شعبے کو متعدد مسائل کا سامنا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد، کراچی سے عازمینِ حج روڈ ٹو مکہ کے تحت سعودیہ جائینگے
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے مجھے بندرگاہوں کو بہتر بنانے اور بحری شعبے کو مضبوط کرنے کی ذمہ داری سونپی تھی، فیری سروس میرے ذہن میں ہمیشہ شامل رہی۔
وفاقی وزیر نے انکشاف کیا کہ ماضی میں شروع کیے گئے منصوبے برسوں تک تعطل کا شکار رہے اور لائسنس جاری نہیں ہو سکے، انہوں نے کہا کہ پانچ سال کی تاخیر کے بعد ہماری ٹیم نے صرف سات دن میں پاکستان کا پہلا فیری لائسنس جاری کیا جس سے کاروباری برادری کا اعتماد بحال ہوا۔
وفاقی وزیر نے مزید اعلان کیا کہ فیری سروس کے دائرہ کار کو وسعت دی جائے گی اور جلد ہی تین سے چار مزید آپریٹرز اس شعبے میں شامل ہوں گے جس سے پاکستان کی ساحلی پٹی پر رابطے اور تجارتی مواقع میں اضافہ ہوگا۔