ن لیگ فرانس کے سینئر رہنما محمد یوسف خان انتقال کر گئے
پاکستان مسلم لیگ (ن) فرانس کے سابق سیکرٹری جنرل اور سینئر سیاسی رہنما محمد یوسف خان بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔
فائل فوٹو
پیرس: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) فرانس کے سابق سیکرٹری جنرل اور سینئر سیاسی رہنما محمد یوسف خان بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔

محمد یوسف خان کے انتقال کی اطلاع ملتے ہی فرانس میں مقیم پاکستانی کمیونٹی، مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں، کارکنان اور سماجی شخصیات میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی۔

لیگی ذرائع کے مطابق محمد یوسف خان کی وفات کی اطلاع ملتے ہی پاکستان مسلم لیگ (ن) فرانس کے رہنما، کارکنان اور مختلف سیاسی و سماجی حلقوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات مرحوم کی رہائش گاہ پہنچیں جہاں انہوں نے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کے بلند درجات کے لیے دعا کی۔

تعزیت کے موقع پر سیاسی و سماجی شخصیات کی جانب سے مرحوم محمد یوسف خان کی سیاسی خدمات، سماجی کردار اور کمیونٹی کے لیے ان کی جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: مہدی حسن کے صاحبزادے سجاد ہارٹ اٹیک کے باعث انتقال کرگئے

محمد یوسف خان کا شمار فرانس میں مسلم لیگ (ن) کے بانی و متحرک رہنماؤں میں ہوتا تھا، انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں کو منظم کرنے، پارٹی پیغام کو مضبوط بنانے اور پاکستان سے محبت کے جذبے کو زندہ رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔

مرحوم محمد یوسف خان نہ صرف ایک فعال سیاسی کارکن تھے بلکہ ایک مخلص سماجی شخصیت کے طور پر بھی جانے جاتے تھے جو کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لیے ہر وقت پیش پیش رہتے تھے۔

اس کو بھی پڑھیں: لیگی ایم پی اے عرفان شفیع کھوکھر انتقال کر گئے

قریبی رفقاء اور ساتھیوں کے مطابق مرحوم انتہائی ملنسار، خوش اخلاق اور اعلیٰ اوصاف کے مالک تھے، ان کی شخصیت میں بردباری، اخلاص اور خدمتِ خلق نمایاں تھی، ان کے انتقال کو مسلم لیگ (ن) فرانس اور اوورسیز پاکستانی کمیونٹی کے لیے ایک بڑا نقصان قرار دیا جا رہا ہے۔

مرحوم کی نمازِ جنازہ اور تدفین کے حوالے سے اعلان بعد میں کیا جائے گا، اہل خانہ نے دوستوں، احباب اور کمیونٹی سے مرحوم کے لیے دعائے مغفرت اور صبرِ جمیل کی اپیل کی ہے۔