وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا دورہ کراچی کا شیڈول سامنے آگیا
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی
وزیر اعلیٰ کے پی کے سہیل آفریدی 9 تا 12 جنوری کراچی کا دورہ کریں گے/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کا 3 روزہ دورہ کراچی کا شیڈول سامنے آگیا۔ وزیر اعلیٰ کے پی کے سہیل آفریدی 9 تا 12 جنوری کراچی کا دورہ کریں گے، وہ 9 جنوری کو دن 11 بجے ایئرپورٹ پہنچیں گے اور دورے کے پہلے ہی روز انصاف ہاؤس میں اہم ملاقاتیں کریں گے، جس کے بعد وہ کراچی پریس کلب جائیں گے۔

سہیل آفریدی اپنے دورے کے دوسرے روز کراچی سے حیدرآباد جائیں گے، جہاں وہ حیدرآباد بار سے خطاب اور اسٹریٹ موومنٹ میں حصہ لیں گے۔ دورے کے تیسرے روز وزیراعلیٰ خیبر پخونخوا کراچی بار سے خطاب کریں گے۔ وزیراعلیٰ کے ساتھ سلمان اکرم راجا، مینا خان آفریدی، شاہد خٹک اور شفیع جان بھی ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: علیمہ خان کا اڈیالہ جیل کے باہر دعاؤں کے انعقاد کا اعلان

دوسری جانب معاونِ خصوصی برائے اطلاعات خیبر پختونخوا شفیع جان نے اپنے بیان میں بتایا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی 9 جنوری بروز جمعہ اراکین اسمبلی کے ہمراہ سندھ کا دورہ کریں گے۔ اس دوران وہ پارٹی اسیرانِ جیل، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور پارٹی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سندھ میں بار ایسوسی ایشن سے خطاب اور وزیراعلیٰ سندھ سے باضابطہ ملاقات بھی کریں گے۔

شفیع جان کا کہنا تھا کہ اسٹریٹ موومنٹ کی قیادت وزیراعلیٰ سہیل آفریدی خود کر رہے ہیں۔ پارٹی کارکنان کو بھرپور سیاسی جدوجہد کے لیے متحرک کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی چیئرمین عمران خان کی قید سیاسی انتقام اور جمہوری اقدار کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ عمران خان اور اسیر قیادت کی رہائی کے لیے ہر آئینی اور جمہوری فورم پر آواز بلند کی جائے گی۔