علیمہ خان کا اڈیالہ جیل کے باہر دعاؤں کے انعقاد کا اعلان
بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے اڈیالہ جیل کے باہر دعائیہ تقاریب کے انعقاد کا اعلان کر دیا۔
فائل فوٹو
راولپنڈی: (ویب ڈیسک) بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے اڈیالہ جیل کے باہر دعائیہ تقاریب کے انعقاد کا اعلان کر دیا۔

بانی پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقاتوں پر عائد پابندیوں کے باعث ان کے اہلِ خانہ اور پارٹی کارکنان میں بے چینی پائی جاتی ہے، بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے ملاقاتوں پر پابندیوں کے تناظر میں اڈیالہ جیل کے باہر دعاؤں کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر جاری اپنے بیان میں علیمہ خان نے کہا کہ منگل کو دوپہر ایک بجے اڈیالہ جیل کے باہر سورۃ یٰس کے ختم کا اہتمام کیا جائے گا، اس موقع پر تمام شہدا، جیلوں میں قید پارٹی کارکنان و رہنماؤں اور ہر قسم کے ظلم و جبر کا سامنا کرنے والوں کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: احتجاج کیس، علیمہ خان کی بریت کی درخواست مسترد

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرن انچیف پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے ان کے اہلِ خانہ، پارٹی رہنماؤں اور وکلا کی ملاقاتوں پر گزشتہ کچھ عرصے سے سخت پابندیاں عائد ہیں، جسے پی ٹی آئی سیاسی انتقام قرار دیتی ہے۔

پارٹی کا مؤقف ہے کہ ملاقاتوں کی اجازت نہ ملنا سابق وزیراعظم کو قید تنہائی میں ڈالنا اور دباؤ میں لانے کی کوششوں کے مترادف ہے۔

علیمہ خان کا کہنا ہے کہ دعائیہ تقاریب کا یہ اہتمام پرامن اور مذہبی نوعیت کا ہو گا جس کا مقصد ظلم کے خلاف آواز بلند کرنا اور ناحق قید افراد کے لیے دعا کرنا ہے، انہوں نے پارٹی رہنماؤں، کارکنان اور ہمدردوں سے اپیل کی ہے کہ وہ دعائیہ تقاریب میں پُرامن طریقے سے شرکت کریں۔