ایف آئی اے حکام کے مطابق ملک بھر کے بین الاقوامی ایئر پورٹس پر پری ڈیپارچر فیسیلی ٹیشن ڈیسک قائم کردیے گئے ہیں، اس سے بین الاقوامی ایئرپورٹس پر مسافروں کی امیگریشن کے طریقہ کار اور کلیئرنس میں مدد ملے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹس پر امیگریشن عملے کے خلاف شکایات ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز کو ارسال کی جاسکتی ہیں، امیگریشن سے متعلق شکایات کے لیے صارفین ایف آئی اے کی ہیلپ لائن 051111345786 پر کال کرسکتے ہیں، شکایات 1991 اور ای میل کے لیے fia@gov.pk پر بھی بھیجی جاسکتی ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر ایک پیغام میں کہا تھا کہ ملک سفر کرنے والے مسافر اب ایف آئی اے کے ذریعے پری ڈیپارچر سہولت ڈیسک سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: جرمنی میں مقیم پاکستانیوں کو دوہری شہریت کی اجازت مل گئی
ان کا کہنا تھا کہ یہ سہولت فوری طور پر فعال کر دی گئی ہے تاکہ مسافروں کو کلیئرنس اور امیگریشن کے مراحل میں آسانی فراہم کی جا سکے، پری ڈیپارچر سہولت ڈیسک تمام زونل دفاتر، ائیرپورٹس اور بارڈر پوائنٹس پر دستیاب ہوگی، جس سے بین الاقوامی مسافروں کیلئے سفر مزید ہموار ہو جائے گا۔
Pleased to share that the Federal Investigation Agency has launched Pre-Departure Facilitation Desks across all zonal offices, with immediate effect.
— Mohsin Naqvi (@MohsinnaqviC42) January 4, 2026
These desks will provide guidance & assistance to international travelers on immigration procedures/clearances, ensuring a…
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پری ڈیپارچر سہولت کے ذریعے مسافر اپنے سفری دستاویزات کی جانچ، کلیئرنس اور دیگر ضروری معلومات پہلے ہی حاصل کر سکیں گے، جس سے ائیرپورٹس اور بارڈر پوائنٹس پر رش کم ہوگا اور سفر آسان اور محفوظ ہوگا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے کی ویب سائٹ پر پری ڈیپارچر سہولت کے بارے میں مکمل معلومات فراہم کر دی گئی ہیں، جس سے مسافر اپنے سفر کی منصوبہ بندی بہتر طریقے سے کر سکیں گے۔