کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی
Section 144 imposed in Balochistan
فائل فوٹو
کوئٹہ:(ویب ڈیسک) امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔

صوبائی حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد عوامی تحفظ کو یقینی بنانا اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے پیشگی بچاؤ ہے۔

جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق دفعہ 144 کے تحت صوبے بھر میں ہر قسم کے اسلحے کی نمائش پر مکمل پابندی عائد ہوگی، اسی طرح پبلک مقامات پر ہر نوعیت کے اجتماعات، جلسے، جلوس اور مظاہرے منعقد کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

حکام کی جانب سے واضح کیا گیا کہ کسی ایک جگہ پانچ یا اس سے زائد افراد کے جمع ہونے پر بھی پابندی ہوگی۔

نوٹیفکیشن میں مزید بتایا گیا کہ موٹر سائیکل ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے، تاہم خواتین اور بچوں کو اس پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ سیکیورٹی خدشات اور شہریوں کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے تاکہ امن و امان کی فضا برقرار رکھی جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں:سابق ایم پی اے ڈاکٹر ضیا اللہ بنگش انتقال کر گئے

صوبائی حکومت کے مطابق دفعہ 144 کا اطلاق 31 جنوری 2026 تک رہے گا، اس دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ قانون کی پابندی کریں اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق عوامی مقامات، حساس علاقوں اور داخلی و خارجی راستوں پر نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ اگرچہ پابندیاں روزمرہ معمولات پر اثر انداز ہو سکتی ہیں، تاہم امن و سلامتی کیلئے یہ اقدامات ضروری ہیں۔