اسلام آباد میں داخلے کیے لیے ایم ٹیگ لگوانا لازمی قرار دیا گیا ہے اور ایم ٹیگ لگوانے کی ڈیڈ لائن میں توسیع کے بعد اب 15 دن سے بھی کم وقت باقی رہ گیا ہے، جس کے پیشِ نظر وفاقی دارالحکومت کے موٹر سواروں کو ہدایت کی جا رہی ہے کہ وہ فوری طور پر ایم ٹیگ رجسٹریشن مکمل کروائیں تاکہ ٹال پلازوں پر آخری وقت کی بدنظمی سے بچا جا سکے۔
حکام کا بتانا ہے کہ ایم ٹیگ رجسٹریشن کے لیے صرف دو بنیادی دستاویزات کی ضرورت ہے،ان میں گاڑی کا رجسٹریشن کارڈ یا بک اور گاڑی کے مالک کا قومی شناختی کارڈ شامل ہے، ان دو چیزوں کے علاوہ کسی اضافی فارم، فائل، یا فوٹو کاپیوں کی ضرورت نہیں ہے، اگر دونوں دستاویزات درست اور دستیاب ہوں تو ایم ٹیگ موقع پر ہی جاری کر دیا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کے اسلام آباد میں داخلے پر پابندی
ذرائع کے مطابق متعلقہ حکام کی جانب سے کہا گیا ہے کہ جو شہری مکمل دستاویزات کے ساتھ رجسٹریشن سینٹرز پر آتے ہیں انہیں چند ہی منٹوں میں پراسیس مکمل کر کے ایم ٹیگ جاری ہو جاتا ہے جبکہ کسی ایک دستاویز کی کمی کی صورت میں شہریوں کو واپس بھجوا دیا جاتا ہے۔
حکام کی جانب سے اسلام آباد میں ایم ٹیگ کی رجسٹریشن کو مزید آسان بنانے کے لیے ون نیٹ ورک کے 15 ایم ٹیگ رجسٹریشن سینٹرز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے تاکہ شہریوں کو اپنے رہائشی علاقوں یا سفر کے راستوں کے قریب سہولت میسر آ سکے، ان مراکز کا مقصد زیادہ سے زیادہ گاڑی مالکان کو بروقت ایم ٹیگ کی سہولت فراہم کرنا ہے۔
یہ بھی دیکھیں: پاکستان کا تیمور کروز میزائل کا کامیاب تجربہ
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایم ٹیگ نہ ہونے کی صورت میں ڈیڈ لائن کے بعد موٹر ویز اور ٹال سڑکوں پر سفر کرنے والوں کو مشکلات درپیش آ سکتی ہیں،اسی لیے شہریوں کو تاکید کی جاتی ہے کہ وہ آخری دنوں کا انتظار کرنے کے بجائے بروقت رجسٹریشن کروائیں۔
حکام نے مزید کہا کہ ایم ٹیگ سے متعلق اوقاتِ کار، سینٹرز کے مقامات کے حوالے سے شہری 1313 ہیلپ لائن پر کال کر کے معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔