بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کے اسلام آباد میں داخلے پر پابندی
Islamabad smart city
فائل فوٹو
اسلام آباد:(ویب ڈیسک) پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کو ملک کا پہلا مکمل ڈیجیٹل اور مربوط شہری نظام رکھنے والا شہر بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ یکم جنوری 2026 سے بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کے اسلام آباد میں داخلے پر پابندی عائد ہو گی، یہ اقدام شہر کی سیکیورٹی اور شہری سہولیات کو جدید اور مربوط بنانے کے منصوبے کا حصہ ہے۔

محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری نے اسلام آباد سیف سٹی ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہیں جدید ڈیجیٹل وال کے ذریعے شہر کی نگرانی، امن و امان کے اقدامات اور کنٹرول روم میں سیکیورٹی سسٹم کی بریفنگ دی گئی۔

وزیر داخلہ نے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے سکیورٹی سرویلنس اور چائنیز ڈیسک کا بھی معائنہ کیا۔

سیف سٹی ہیڈکوارٹرز میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے محسن نقوی نے ہدایت دی کہ کیپٹل سمارٹ سٹی منصوبے پر کام تیز کیا جائے۔

واضح رہے کہ اس منصوبے کے تحت ریسکیو 1122، ٹریفک پولیس، سیکیورٹی ادارے اور سی ڈی ایم اے کو ایک مرکزی نظام کے تحت مربوط کیا جائے گا تاکہ شہری سہولیات اور سکیورٹی بہتر بنائی جا سکیں۔

یہ بھی پڑھیں:باراتیوں کی ویگن نہر میں جا گری

وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ منصوبہ مستقبل میں پورے ملک میں پھیلایا جائے گا، اسلام آباد کو محفوظ ترین شہر بنانے کیلئے ماڈل کے طور پر اپنایا جائے گا، سیف سٹی میں اصلاحات اور جدید ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے۔

خیال رہے کہ اس اقدام سے نہ صرف شہریوں کی سہولت میں اضافہ ہوگا بلکہ دارالحکومت میں امن و امان کو بھی بہتر بنایا جا سکے گا، اور اسلام آباد جدید ترین ڈیجیٹل شہر کے طور پر ابھرے گا۔