تیز رفتار ویگن ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر سڑک کنارے نہر میں جا گری، جس سے شادی کی خوشیاں ماتم میں بدل گئیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق ویگن میں سوار افراد شادی کی تقریب میں شرکت کیلئے جا رہے تھے کہ اچانک حادثہ پیش آیا، اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کی گئیں۔ نہر میں گرنے والی ویگن سے زخمیوں کو نکال کر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے کے نتیجے میں ایک شخص موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ 5 افراد زخمی ہوئے ہیں، زخمیوں میں ایک بچی، ایک خاتون اور ایک مرد شامل ہیں جنہیں تشویشناک حالت کے باعث آئی سی یو منتقل کر دیا گیا ہے، چار زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ڈاکٹرز ہسپتال جبکہ ایک زخمی کو جناح ہسپتال منتقل کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:شدید دھند نے نظامِ زندگی مفلوج کر دیا، موٹرویز بند
جاں بحق شخص کی شناخت 55 سالہ حنیف کے نام سے ہوئی ہے، ان کی لاش کو ضروری کارروائی کیلئے مردہ خانے منتقل کر دیا گیا، واقعے کے بعد اہلِ خانہ اور بارات میں شامل افراد غم سے نڈھال نظر آئے۔
پولیس کے مطابق حادثے کی ابتدائی وجہ تیز رفتاری اور ڈرائیور کی غفلت بتائی جا رہی ہے