دھند کی شدت کے باعث سڑکوں پر سفر نہایت خطرناک ہو چکا ہے اور کئی علاقوں میں حدِ نگاہ صفر تک پہنچ گئی ہے۔
موٹروے پولیس کے مطابق شدید دھند کے سبب موٹروے ایم ٹو لاہور سے کوٹ مومن تک مکمل طور پر بند کر دی گئی، اسی طرح موٹروے ایم تھری فیض پور سے درخانہ تک، ایم فور پنڈی بھٹیاں سے ملتان تک جبکہ ایم فائیو ملتان سے ظاہر پیر تک ٹریفک کیلئے بند ہے۔
اس کے علاوہ سیالکوٹ موٹروے ایم گیارہ کو بھی شدید دھند کے باعث بند کر دیا گیا ہے۔
قومی شاہراہ پر بھی صورتحال تشویشناک ہے جہاں لاہور، پتوکی، اوکاڑہ اور ساہیوال میں دھند کے گھنے ڈیرے پڑے ہوئے ہیں، مزید برآں چیچہ وطنی، اقبال نگر، میاں چنوں، خانیوال، ملتان اور بہاولپور میں حدِ نگاہ صفر ہونے کی اطلاعات ہیں جس کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہو رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:بسنت کی صرف 3 دن کیلئے اجازت ہوگی، عظمی بخاری
موٹروے پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ موٹرویز کی بندش کا بنیادی مقصد شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے، دھند میں لین کی خلاف ورزی اور تیز رفتاری خطرناک حادثات کا سبب بن سکتی ہے۔
موٹروے پولیس کی جانب سے شہریوں سے اپیل کی گئی کہ وہ غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں، گاڑی چلاتے وقت فوگ لائٹس کا استعمال کریں اور ٹریفک قوانین کی مکمل پابندی کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔