عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بسنت کے دوران مخصوص پوائنٹس پر ہی پتنگ اور ڈور دستیاب ہوں گی، ہر جگہ یہ دستیاب نہیں ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ ٹریفک اور ٹرانسپورٹ کے حوالے سے متعلقہ اداروں سے پلان تیار کرایا گیا ہے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
وزیر اطلاعات نے شہریوں سے اپیل کی کہ بسنت کے دنوں میں کم سے کم موٹر سائیکل استعمال کریں، قوانین کی خلاف ورزی نہ کریں، کچھ علاقوں میں موٹر سائیکل کے داخلے پر پابندی بھی ہو سکتی ہے اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کیلئے سخت سزائیں مقرر کی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:دھی رانی پروگرام کے کوٹے میں اضافہ
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ انتظامیہ کی کوشش ہے کہ آئندہ سال پورے پنجاب میں بسنت منائی جائے تاکہ یہ تہوار ایک محفوظ اور خوشگوار فیسٹیول کی طرح منایا جا سکے، بسنت کے موقع پر تعطیل کا فیصلہ بھی جلد جاری کیا جائے گا تاکہ شہری مکمل تیاری کے ساتھ جشن میں حصہ لے سکیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس سال بسنت کے محدود دن اور سخت حفاظتی اقدامات شہریوں کیلئے محفوظ ماحول فراہم کریں گے، جبکہ حکومت کی کوشش ہے کہ یہ تہوار ایک خوشگوار سماجی اور ثقافتی تجربہ بنے۔