گیس کی بندش کے معاملہ پر سوئی سدرن کا وضاحتی بیان آگیا
سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) نے کراچی میں 5 جنوری تک گیس کی بندش کے معاملے پر وضاحتی بیان جاری کر دیا۔
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) نے کراچی میں 5 جنوری تک گیس کی بندش کے معاملے پر وضاحتی بیان جاری کر دیا۔

ایس ایس جی سی کی جانب سے جاری وضاحتی بیان میں کہاگیاہے کہ مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر کراچی میں 5 جنوری تک گیس کی بندش کے حوالے سے خبریں گردش کر رہی ہیں، شہر قائد میں گیس کی بندش کے حوالے سے زیر گردش خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

ترجمان ایس ایس جی سے نے کہا کہ کمپنی کی جانب سے کراچی میں پانچ جنوری تک گیس کی بندش کے حوالے سے کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔

ایس ایس جی سی ترجمان نے شہریوں سے افواہوں پر کان نہ دھرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ گھریلو صارفین کے لئے گیس کی بندش کا کوئی نیا اعلان نہیں کیا گیا،معمول کے مطابق رات 10 بجے سے صبح 5 بجے تک نائٹ لوڈ مینجمنٹ جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پرائز بانڈ ہولڈرز کیلئے اہم خبر

سوئی سدرن گیس کمپنی کے مطابق سردیوں کے موسم میں گیس کی طلب میں نمایاں اضافہ ہو جاتا ہے جس کے باعث ملک کے مختلف حصوں میں لوڈ مینجمنٹ کے شیڈول پر عمل کیا جاتا ہے، نائٹ لوڈ مینجمنٹ کا مقصد دن کے اوقات میں گھریلو صارفین کو زیادہ سے زیادہ گیس کی فراہمی یقینی بنانا ہے تاکہ شہریوں کو کھانا پکانے اور دیگر ضروری امور میں سہولت حاصل رہے۔

ایس ایس جی سی نے واضح کیا ہے کہ صنعتی، کمرشل اور سی این جی سیکٹر کے لیے گیس کی فراہمی متعلقہ پالیسی اور شیڈول کے مطابق جاری ہے تاہم کسی بھی قسم کی ہنگامی یا غیر معمولی صورتحال کی صورت میں صارفین کو بروقت آگاہ کیا جائے گا۔

اس کو بھی پڑھیں: ملک کے مختلف شہروں میں حج تربیتی پروگرامز کا آغاز

کمپنی نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مستند معلومات کے لیے صرف سوئی سدرن گیس کمپنی کے سرکاری اعلامیوں، ویب سائٹ اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر انحصار کریں۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ افواہوں سے نہ صرف عوام میں بے چینی پھیلتی ہے بلکہ اداروں کے لیے بھی غیر ضروری دباؤ پیدا ہوتا ہے۔

ایس ایس جی سی نے شہریوں سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ گیس کا محتاط استعمال کریں اور غیر ضروری استعمال سے گریز کریں تاکہ دستیاب وسائل سے زیادہ سے زیادہ صارفین مستفید ہو سکیں۔