ملک کے مختلف شہروں میں حج تربیتی پروگرامز کا آغاز
وزارت مذہبی امور کی جانب سے حج 2026 کے انتظامات کو مؤثر اور منظم بنانے کے لیے ملک بھر میں لازمی حج تربیتی نشستوں کے پہلے مرحلے کا آغاز کر دیا گیا۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: ( ویب ڈیسک ) وزارت مذہبی امور کی جانب سے حج 2026 کے انتظامات کو مؤثر اور منظم بنانے کے لیے ملک بھر میں لازمی حج تربیتی نشستوں کے پہلے مرحلے کا آغاز کر دیا گیا۔

حکام کے مطابق یکم جنوری 2026 سے شروع ہونے والے تربیتی پروگرامز کے شیڈول کے حوالے سے عازمین کو موبائل ایپ ’پاک حج 2026‘ اور ایس ایم ایس کے ذریعے اطلاع کی جا رہی ہے جبکہ اس حوالے سے وزارتِ مذہبی امور کی ویب سائٹ پر معلومات دستیاب ہیں۔

وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ ان تربیتی پروگرامز کا مقصد عازمینِ حج کو مناسکِ حج اور انتظامی امور سے مکمل طور پر آگاہی دینا ہے جبکہ تربیت کے بعد عازمین کی ویکسی نیشن کا عمل بھی شروع کیا جائے گا، ان تربیتی پروگرامز کا آغاز وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے دیگر شہروں میں کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بیرون ملک سفر کرنے والوں کیلئے بڑا اعلان

سرکاری میڈیا کے مطابق پہلے مرحلے میں اسلام آباد اور دیگر شہروں میں تربیتی پروگرامز کا آغاز ہو چکا ہے، جبکہ آئندہ چند روز میں راولاکوٹ، بدین، نوشہرو فیروز، فتح جنگ، دادو اور تھرپارکر میں بھی تربیتی نشستوں کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ عمرکوٹ، لاڑکانہ، میرپورخاص، شہدادکوٹ اور مانسہرہ میں تربیتی پروگرامز منعقد ہوں گے۔

پروگرام کے تحت یہ ایک روزہ تربیتی سیشنز کا انعقاد فروری تک مختلف مراحل میں ملک بھر میں کیا جائے گا، وزارت کی جانب سے ان تربیتی پروگرامز کو لازم قرار دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی مرحلے پر عازمین کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

وزارتِ مذہبی امور حکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ عازمین کے لیے خصوصی تربیتی نشستیں تجربہ کار ٹرینرز اور علماء کی نگرانی میں ملٹی میڈیا کے ذریعے منعقد کی جا رہی ہیں تاکہ حجاج کو مناسک، سفری امور اور انتظامی طریقۂ کار سے مکمل آگاہی فراہم کی جا سکے۔

اس حوالے سے وزارت مذہبی امور کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ تربیتی پروگرامز میں شرکت کیلئے آنے والے عازمین اصل شناختی کارڈ اور حج درخواست کی کمپیوٹرائزڈ رسید اپنے ہمراہ رکھیں اور اپنے شیڈول کے مطابق ایک روزہ تربیتی پروگرام میں لازمی شرکت کریں۔

اس کو بھی پڑھیں: رمضان، عیدالفطر اور عیدالاضحیٰ کی ممکنہ تاریخیں سامنے آ گئیں

خیال رہے کہ سعودی وزارت حج و عمرہ نے حج 2026 کے لیے پاکستان کے لیے ایک لاکھ 79 ہزار 210 عازمین کا کوٹہ مختص کیا ہے جن میں سے تقریباً ایک لاکھ 18 ہزار عازمین سرکاری اسکیم کے تحت جائیں گے جبکہ باقی نشستیں پرائیویٹ ٹوور آپریٹرز کو دی جائیں گی۔

سرکاری حج پیکیج کی متوقع لاگت 11 لاکھ 50 ہزار سے 12 لاکھ 50 ہزار روپے کے درمیان بتائی گئی ہے، جو حتمی معاہدوں سے مشروط ہو گی۔