بیرون ملک سفر کرنے والوں کیلئے بڑا اعلان
FIA Pre-Departure Facility
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بیرونِ ملک سفر کرنے والے مسافروں کیلئے خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ اب مسافر ایف آئی اے کے ذریعے پری ڈیپارچر سہولت ڈیسک سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

یہ سہولت فوری طور پر فعال کر دی گئی ہے تاکہ مسافروں کو کلیئرنس اور امیگریشن کے مراحل میں آسانی فراہم کی جا سکے۔

محسن نقوی نے ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر اپنے پیغام میں کہا کہ پری ڈیپارچر سہولت ڈیسک تمام زونل دفاتر، ائیرپورٹس اور بارڈر پوائنٹس پر دستیاب ہوگی، جس سے بین الاقوامی مسافروں کیلئے سفر مزید ہموار ہو جائے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ یہ سہولت مسافروں کو بذریعہ فون، ای میل اور بالمشافہ دستیاب ہوگی، تاکہ وہ اپنی سہولت کے مطابق رہنمائی حاصل کر سکیں۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پری ڈیپارچر سہولت کے ذریعے مسافر اپنے سفری دستاویزات کی جانچ، کلیئرنس اور دیگر ضروری معلومات پہلے ہی حاصل کر سکیں گے، جس سے ائیرپورٹس اور بارڈر پوائنٹس پر رش کم ہوگا اور سفر آسان اور محفوظ ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں:شادی کی تقریب کے دوران چھت گرنے سے 6 افراد جاں بحق

محسن نقوی نے کہا کہ ایف آئی اے کی ویب سائٹ پر پری ڈیپارچر سہولت کے بارے میں مکمل معلومات فراہم کر دی گئی ہیں، جس سے مسافر اپنے سفر کی منصوبہ بندی بہتر طریقے سے کر سکیں گے۔

واضح رہے کہ یہ اقدام بیرونِ ملک سفر کرنے والوں کے تجربے کو بہتر بنانے کیلئے اٹھایا گیا ہے، حکومت مسلسل اس سلسلے میں مزید اقدامات کر رہی ہے تاکہ مسافروں کو بروقت سہولت فراہم کی جا سکے۔