شادی کی تقریب کے دوران چھت گرنے سے 6 افراد جاں بحق
Charsadda Wedding Tragedy
فائل فوٹو
چارسدہ: (ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا کے ضلع چارسدہ کی تحصیل شبقدر میں شادی کی تقریب کے دوران مکان کی چھت گرنے سے 6 افراد جاں بحق اور 5 شدید زخمی ہوگئے۔

افسوسناک واقعہ شادی کی تقریب کے دوران اس وقت پیش آیا جب گھر میں مہمانوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

پولیس کے مطابق شبقدر کے ایک رہائشی مکان میں شادی کی تقریب جاری تھی کہ اچانک کمرے کی چھت زور دار آواز کے ساتھ زمین بوس ہوگئی, حادثے کے نتیجے میں کمرے میں موجود افراد ملبے تلے دب گئے، جس سے موقع پر ہی شدید چیخ و پکار مچ گئی اور خوشیوں بھرا ماحول قیامت کے منظر میں بدل گیا۔

ریسکیو ٹیمیں اور مقامی افراد فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کیں، جاں بحق اور زخمی افراد کو فوری طور پر ٹی ایچ کیو ہسپتال شبقدر منتقل کیا گیا، جہاں 6 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی گئی جبکہ 5 زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے، جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:خودمختار ریاست پر یکطرفہ حملہ جنگی اقدام ہے: ظہران ممدانی

پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں زیادہ تر وہ مہمان شامل ہیں جو شادی کی تقریب میں شرکت کیلئے آئے تھے، واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی جبکہ اہلِ خانہ اور لواحقین غم سے نڈھال نظر آئے۔

مقامی انتظامیہ نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔