تفصیلات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں گزشتہ روز بھی دھند چھائی رہی، سندھ میں نواب شاہ مین مہران ہائی وے پر شدید دھند کے باعث 2 گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں جس کے نتیجہ میں 3 افراد جاں بحق اور 2 بچے زخمی ہوگئے، زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ رحیم یار خان کی بستی حاجی کرم دین میں ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار خالد موقع پر دم توڑ گیا جبکہ موضع نائچ میں ٹرالر نے 65 سالہ فیاض احمد کو کچل دیا، نامعلوم ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔
اسی طرح صادق آباد میں سڑک کنارے کھڑ ے 10 سالہ عاصم کو نامعلوم گاڑی نے روند ڈالا،صادق آباد میں ہی 20 سالہ وحید موٹرسائیکلوں کے تصادم میں دم توڑ گیا۔مزید دو حادثات میں روجھان کا 35 سالہ نورمحمد اور لیاقت پور کا 60 سالہ اکبر علی زخمی ہو نے کے بعد دم توڑ گئے۔
یہ بھی پڑھیں: رواں سال کا پہلا سپر مون کل نظر آئے گا
علاوہ ازیں دھند کی وجہ سے موٹروے ایم ون پشاور سے رشکئی، ایم 2 لاہور سے بلکسر تک بند، ایم 3 لاہور سے ملتان، ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے ملتان، ایم 5 ملتان سے سکھر اور ایم 11 لاہور سے سیالکوٹ تک بند کر دی گئی۔
دوسری طرف جاری فلائٹ شیڈول کے مطابق خراب موسم کے باعث کراچی سے لاہور آنیوالی قومی ایئرلائن کی 2 پروازیں پی کے 302 اور 303 منسوخ کر دی گئیں، اس کے علاوہ ریاض سے اسلام آباد کی غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز ایف 3651 کو پشاور میں اتارلیاگیا۔
علاوہ ازیں لاہور کی 30، اسلام آباد کی 12، کراچی کی 10 ، ملتان کی 7، پشاورکی 3 جبکہ سیالکوٹ، فیصل آباد اور سکردو کی 2، 2، پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں، مزید برآں کراچی سے اسلام آباد کی قومی ایئرلائن کی پی کے 373 پرواز 11 گھنٹے ، ابوظہبی سے لاہورکی غیرملکی ایئر لائنزکی 2پرواز یں 10 گھنٹے۔
لاہور سے مدینہ کی پی کے 747 پرواز 8 گھنٹے ، دمام کی پی کے 248 پرواز 4 گھنٹے جبکہ جدہ سے ملتان کی غیر ملکی ایئر کی ایس وی 801 اور 800 پروازیں 4 گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئیں۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مغربی سسٹم کے ذریعے بارش برسانے والا سسٹم تاحال شمالی علاقہ جات میں موجود ہے ، یہ سسٹم پنجاب سے نکل گیا ،پنجاب میں پھر صبح اور رات کے ا وقات میں دوبارہ دھند کا راج ہوگا، لاہور میں گزشتہ روز کم سے کم درجہ حرارت 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ، لاہور کا فضائی معیار جمعہ کوقدرے بہتر رہا جبکہ فیصل آباد، شیخوپورہ میں فضا انتہائی مضر صحت ریکارڈ کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب کے بیشتر شہروں میں بارش کی پیشگوئی
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخوا، اسلام آباد، بالائی و وسطی پنجاب، کشمیر اور شمالی بلوچستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، اسلام آباد اور راولپنڈی میں وقفے وقفے سے بارش سے موسم سرد ہو گیا،ادھر ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری کے بعد سیاحوں نے ملکہ کوہسار کا رخ کرلیا ۔
گلیات کے پہاڑوں نے بھی سفید چادر اوڑھ لی، لواری ٹنل میں ڈیڑھ سے دو فٹ تک برف پڑ چکی، چترال میں 28 انچ اور استور کے کئی علاقوں میں 2 فٹ تک برفباری ریکارڈ کی گئی، چلاس اور اپر دیر کے پہاڑوں پر بھی سفیدی چھا گئی، آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں تیسرے روز بھی برفباری جاری رہی ، شدید برفباری کے باعث سیاحتی مقامات کی رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں۔
بلوچستان میں بھی سردی کی شدید لہر آگئی۔ ریسکیو ٹیم نے گلیات کالا باغ کے قریب چھم کے مقام پر برف میں دھنسی سیا حوں کی گاڑیوں کو ریسکیو کر لیا۔ متاثرہ افراد کی گاڑیوں کو محفوظ راستے تک پہنچادیا گیا۔
ادھر قلات شہر و گردونواح میں میں سردی نے ہر شے جمادی، درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گر گیا ،منفی 7 ریکارڈ کیا گیا ،شدید سردی کے باعث لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ، شدید سردی میں گیس کی بندش و بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ سے شہری دوہرے عذاب میں مبتلا ہو گئے ہیں۔