رواں سال کا پہلا سپر مون کل نظر آئے گا
پاکستان سپیس اینڈ اپر ایٹماسفیئر ریسرچ کونسل (سپارکو) کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ رواں سال 2026 کا پہلا سپر مون کل نظر آئے گا۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) پاکستان سپیس اینڈ اپر ایٹماسفیئر ریسرچ کونسل (سپارکو) کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ رواں سال 2026 کا پہلا سپر مون کل نظر آئے گا۔

ترجمان سپارکو کے مطابق اکتوبر 2025 سے جاری سپر مون سلسلے کا یہ آخری سپر مون ہو گا، یہ سپر مون روایتی طور پر وولف مون کہلاتا ہے، اس موقع پر کواڈرینٹڈ شہابی بارش بھی عروج پر ہو گی۔

وولف مون کا نام شمالی امریکا کی قدیم روایات سے جڑا ہوا ہے جہاں جنوری کے سرد راتوں میں بھیڑیوں کے بھونکنے کو اس چاند سے منسوب کیا جاتا تھا تاہم یورپ کے بعض علاقوں میں اس چاند کو کولڈ مون اور ہارڈ مون بھی کہا جاتا ہے جو موسم کی شدت کی عکاسی کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: رواں سال کا آخری سپر مون آج رات آسمان پر جلوہ گر ہو گا

سپارکو ترجمان نے بتایا کہ پاکستان میں رواں برس کا پہلا سپر مون شام 5 بج کر 51 منٹ پر طلوع ہو گا، چاند کی روشنی 99.8 فیصد تک ہو گی، سپر مون 3 اور 4 جنوری کی درمیانی شب دیکھا جا سکتا ہے، چاند اس بار پورے چاند سے 6 سے 7 فیصد بڑا اور 10 فیصد زیادہ روشن دکھائی دے گا۔

ترجمان کا اس حوالے سے مزید کہنا تھا کہ اگلا سپر مون سلسلہ نومبر 2026 میں شروع ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں: سال کا آخری سپر مون: پاکستان میں کس وقت دیکھا جاسکے گا؟

فلکیاتی ماہرین کے مطابق زمین اور چاند کے درمیان فاصلہ تقریباً 3 لاکھ 62 ہزار کلومیٹر ہے، جب پورا چاند زمین کے سب سے قریبی مقام یعنی پیریجی پر ہوتا ہے تو اُس وقت سپر مون بنتا ہے، اس دوران چاند تقریباً 14 فیصد بڑا اور 30 فیصد زیادہ روشن نظر آتا ہے جس کی وجہ سے رات کا منظر غیر معمولی طور پر روشن ہو جاتا ہے۔