احتجاج کیس: علیمہ خان کی حاضری معافی کی درخواست منظور
عدالت نے 26 نومبر احتجاج کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی۔
فائل فوٹو
راولپنڈی: (سنو نیوز) عدالت نے 26 نومبر احتجاج کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی۔

راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں جج امجد علی شاہ نے 26 نومبر احتجاج کیس کی سماعت کی، ملزمہ علیمہ خان کی جانب سے ایڈووکیٹ فیصل ملک عدالت پیش ہوئے جبکہ پراسیکیوٹر ظہیر شاہ اور ان کی ٹیم عدالت میں موجود تھی۔

دوران سماعت ملزمہ علیمہ خان کے وکیل ایڈووکیٹ فیصل ملک نے ان کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست دائر کرتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ موکلہ مصروفیات کے باعث آج پیش نہیں ہو سکتیں۔

عدالت نے علیمہ خان کی ایک روزہ حاضری معافی کی استدعا منظور کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر عدالت پیش ہونے کی ہدایت کردی۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان نے توشہ خانہ ٹو کیس میں سزا کا فیصلہ چیلنج کر دیا

دریں اثناء عدالت مقدمہ میں نامزد دیگر 3 ملزمان ساجد علی قریشی، علی رضا اور محمد حنیف کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے اور کیس کی مزید سماعت 5 جنوری بروز پیر تک ملتوی کر دی۔

جرح کے مرحلے میں عدالت نے علیمہ خان سمیت 8 ملزمان کو آخری موقع دیا کہ آئندہ سماعت پر جرح مکمل نہ کرنے پر سرکاری وکیل مقررکیا جائے گا۔

بعدازاں علیمہ خان کے وکیل فیصل ملک نے میڈیا کو بتایا کہ آئندہ سماعت پر علیمہ خان عدالت میں پیش ہوں گی اور اس حوالے سے عدالت کو آگاہ کیا گیا ہے کہ آئندہ سماعت پر موکلہ خود پیش ہوں گی تاکہ تمام قانونی کارروائی ان کے سامنے ہو۔

اس کو بھی پڑھیں: یاسمین راشد و دیگر کو 36 برس قید کی سزا

واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان سمیت دیگر پر 26 نومبر کے احتجاج کا مقدمہ راولپنڈی کے تھانہ صادق آباد میں درج مقدمے ہے۔