سابق وزیراعظم عمران خان اور سابق خاتون اول بشریٰ بی بی نے توشہ خانہ ٹو کیس میں سزا کا فیصلہ چیلنج کرنے کے لیے اپنے وکیل ایڈووکیٹ خالد یوسف چودھری کی وساطت سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیلیں دائر کر دیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اپیل پر ڈائری نمبر24 ہزار 560 جبکہ بشریٰ بی بی کی اپیل پر ڈائری نمبر24 ہزار 561 لگا دیا۔
عدالت عالیہ میں دائر اپیلوں میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ انعام اللہ شاہ جس کو بر طرف کیا جا چکا تھا عدالت نے اس کے بیان پر انحصار کیا، عدالت نے وعدہ معاف گواہ کے بیان پر انحصار کیا جو نہیں کیا جا سکتا تھا، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف استغاثہ کیس ثابت کرنے میں ناکام رہی۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان اور بشریٰ بی بی کو 17،17 سال قید کی سزا
درخواست گزاروں کی جانب سے کہا گیا کہ ایک ہی جرم میں متعدد مرتبہ سزا نہیں دی جا سکتی ، اسپیشل سنٹرل عدالت کو اختیار سماعت نہیں تھا ، صہیب عباسی کو غیر قانونی طور پر سلطانی گواہ بنایا گیا، بلغاری سیٹ توشہ خانہ قواعد کے مطابق سابق حکمران جوڑے نے اپنے پاس رکھا۔
اپیلوں کے متن میں لکھا گیا کہ مقدمہ بغیر تفتیش قائم کیا گیا اور سائلین کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، درخواست گزار سرکاری ملازم کی تعریف میں نہیں آتا۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی جانب سے توشہ خانہ ٹو کیس کا فیصلہ کالعدم قرار دینے اور اپیلوں کو جلد سماعت کیلئے مقرر کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔