ذرائع کے مطابق شیخ وقاص اکرم کے بھائی شیخ فواد اکرم لاری اڈا سے سرگودھا روڈ پر جارہے تھے ایک نامعلوم گاڑی نے ان کی گاڑی کو ٹکر ماری جس کے بعد ٹکرانے والی گاڑی سے نامعلوم افراد نے اتر کر شیخ فواد کے قافلے پر فائرنگ کر دی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ فائرنگ کے نتیجے شیخ وقاص اکرم کے بھائی شیخ فواد اکرم کے تین سکیورٹی گارڈ زخمی جبکہ ایک جاں بحق ہو گیا جبکہ ملزمان فائرنگ کے بعد جائے وقوعہ سے فرار ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کیے جبکہ ریسکیو ٹیموں نے لاش اور زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن کا اپنے خلاف الزامات پر شفیع اللہ جان کو نوٹس
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کے حوالے سے تحقیقات کی جارہی ہیں، جائے وقوعہ سےخول اور شواہد اکٹھے کر لیے ہیں، جلد ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
واقعہ پر ردعمل دیتے ہوئے رہنما تحریک انصاف و رکن قومی اسمبلی شیخ وقاص اکرم نے سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ میرے بھائی پر بزدلانہ اور منصوبہ بند حملہ کیا گیا، اس کے ساتھ موجود نہتے محافظوں پر اندھا دھند فائرنگ کی گئی۔
انہوں نے لکھا کہ فائرنگ کے نتیجے میں تین افراد ٹانگوں میں گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے، جبکہ میرے پٹرول پمپ کا ایک غریب اور بے گناہ ملازم سینے میں گولی لگنے سے جاں بحق ہو گیا۔
اس کو بھی پڑھیں: عمران خان کا ایکس اکاؤنٹ بند کرنے کا کیس سماعت کیلئے مقرر
شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ میں واضح کرنا چاہتا ہوں اس واقعے کی تمام سی سی ٹی وی فوٹیجز موجود ہیں جن میں حملے کی مکمل منصوبہ بندی، ملزمان کی شناخت اور واردات کا طریقہ واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے، یہ شواہد اس بات کا تقاضا کرتے ہیں کہ کسی قسم کی تاخیر یا مصلحت کے بغیر فوری کارروائی کی جائے۔
رہنما تحریک انصاف نے مزید کہا کہ میں پنجاب پولیس سے دوٹوک مطالبہ کرتا ہوں واقعے میں ملوث تمام ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے، شفاف اور غیر جانبدار تحقیقات کو یقینی بنایا جائے اور ذمہ داران کو قانون کے مطابق مثالی سزا دی جائے۔