امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ حادثہ ریاست ورجینیا کی کاؤنٹی ڈینوڈی میں ویک اینڈ پر پیش آیا، جہاں ایک مقامی پیڈیاٹریشن کار حادثے کا شکار ہوئیں۔
ورجینیا پولیس کے مطابق 75 سالہ ڈاکٹر فائقہ آفتاب قریشی کی گاڑی بے قابو ہو کر سڑک سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی، حادثہ اتنا شدید تھا کہ کار میں سوار ڈاکٹر فائقہ موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔
خیال رہے کہ ڈاکٹر فائقہ نور خان نے 1993 میں بچوں کے معروف طبی ادارے دی کنگز ڈاٹر ہسپتال میں بطور فزیشن خدمات کا آغاز کیا، بعد ازاں وہ طویل عرصے تک ایمرجنسی ڈپارٹمنٹ کی میڈیکل ڈائریکٹر کے طور پر فرائض انجام دیتی رہیں۔
یہ بھی پڑھیں:دورانِ حج وفات پر لواحقین کو 20 لاکھ معاوضہ دیا جائیگا
دوسری جانب کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی لاہور نے بھی سوشل میڈیا پر جاری بیان میں ڈاکٹر فائقہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ ڈاکٹر فائقہ ایئر مارشل نور خان کی صاحبزادی تھیں اور کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کی ہونہار طالبہ رہیں، جہاں سے انہوں نے 1973 میں گریجویشن مکمل کی۔
ڈاکٹر فائقہ نور خان کی وفات پر طبی، سماجی اور عسکری حلقوں میں گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔