کراچی: دفعہ 144 کے تحت ڈبل سواری پر پابندی عائد
شہر قائد میں دفعہ 144 کے تحت موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی گئی۔
فائل فوٹو
کراچی: (سنو نیوز) شہر قائد میں دفعہ 144 کے تحت موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی گئی۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق کراچی میں 31دسمبر کو نیو ایئر نائٹ اور یکم جنوری کو موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی کی گئی ہے جبکہ اسلحے کی نمائش، ہوائی فائرنگ اور سیلنسر کےبغیر گاڑی چلانے پر بھی پابندی ہو گی۔

علاوہ ازیں ٹریفک پولیس کراچی نے سال نو کا جشن منانے کے لیے سی ویو جانے والے افراد کے لیے ٹریفک ایڈوائزری جاری کردی۔

ترجمان کراچی ٹریفک پولیس کے مطابق سال نو کے موقع پرسی ویو جانے والے افراد کیلئے ٹریفک کے حوالے سے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، سال نو پر سی ویو روڈ ون وے، میکڈونلڈ سے کلاک ٹاور تک ٹریفک محدود رہے گی، کلاک ٹاور سے واپس میکڈونلڈ کی جانب کسی بھی گاڑی کو جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں: نیو ائیر پر آئس اور کوکین کا استعمال، ایڈوائزری جاری

ٹریفک پولیس ترجمان نے بتایا کہ تمام ٹریفک خیابان اتحاد روڈ یا دو دریا کے راستے واپس جا سکے گی، ہیوی گاڑیاں رات 2 بجے کے بعد شہر میں داخل ہوں گی، ٹوٹے یا بغیر سائلنسر والی گاڑیوں اور لاپرواہ ڈرائیوروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

ترجمان نے مزید کہا کہ سی ویو اور کلفٹن میں نئے سال کی آمد پر شہری متبادل راستے اختیار کریں۔

آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کہا کہ سالِ نو کے موقع پر تمام زونز اور اضلاع میں کنٹرول رومز اور ہیلپ لائنز بالخصوص متحرک رہیں گے تاکہ شہریوں کو بروقت اور فوری مدد فراہم کی جا سکے۔