انصاف فاؤنڈیشن کے سینکڑوں کارکن جے یو آئی (ف) میں شامل
جمعیت علمائے اسلام (ف)
سرگودھا میں انصاف فاؤنڈیشن کے سینکڑوں کارکنوں نے جمعیت علمائے اسلام (ف) میں شمولیت اختیار کرنے کا اعلان کیا/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) سرگودھا میں انصاف فاؤنڈیشن کے سینکڑوں کارکنوں نے جمعیت علمائے اسلام (ف) میں شمولیت اختیار کرنے کا اعلان کر دیا۔

اس موقع پر انصاف فاؤنڈیشن کے کارکنوں کی شمولیت کے حوالے سے ایک بڑا اجتماع منعقد کیا گیا جو ضلعی امیر راؤ عبد القیوم کی رہائش گاہ پر ہوا۔ اجتماع میں انصاف فاؤنڈیشن کے مرد و خواتین کارکنوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی، جنہوں نے باقاعدہ طور پر جمعیت علمائے اسلام (ف) کی حمایت کا اعلان کیا۔ شرکاء نے پارٹی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ موجودہ سیاسی حالات میں مولانا فضل الرحمن کی قیادت کو ملک و قوم کے لیے بہتر سمجھتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بزرگ عالم دین پیر سید مختارالدین شاہ انتقال کر گئے

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انصاف فاؤنڈیشن کے چیئرمین حافظ عبدالرؤف نے کہا کہ ملک اس وقت جن سیاسی، معاشی اور سماجی مسائل کا شکار ہے، ان کے حل کے لیے سنجیدہ اور تجربہ کار قیادت کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انصاف فاؤنڈیشن کے کارکنوں نے مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے کہ وہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے پلیٹ فارم سے جدوجہد کو آگے بڑھائیں گے کیونکہ مولانا فضل الرحمن کی سیاست اصولوں اور عوامی مسائل کے حل پر مبنی ہے۔

حافظ عبدالرؤف نے مزید کہا کہ انصاف فاؤنڈیشن کے کارکنان عوامی خدمت، جمہوری اقدار اور آئینی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں اور انہیں یقین ہے کہ جے یو آئی (ف) کے ساتھ مل کر وہ ان مقاصد کو بہتر انداز میں حاصل کر سکیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ شمولیت کسی وقتی فائدے کے لیے نہیں بلکہ ایک طویل سیاسی جدوجہد کا حصہ ہے۔

اجتماع سے دیگر مقررین میں ملک حفیظ الرحمن، عبدالرزاق چیمہ، مرزا اسلام اور حبیب اللہ ہاشمی شامل تھے۔ مقررین نے انصاف فاؤنڈیشن کے کارکنوں کی شمولیت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اعتماد اس بات کا ثبوت ہے کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کی سیاست عوام میں مقبول ہو رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی نئے شامل ہونے والے کارکنوں کو خوش آمدید کہتی ہے اور انہیں تنظیمی ڈھانچے میں فعال کردار دیا جائے گا۔