بزرگ عالم دین پیر سید مختارالدین شاہ انتقال کر گئے
بزرگ عالمِ دین اور معروف روحانی شخصیت مولانا پیر سید مختار الدین شاہ انتقال کر گئے۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) بزرگ عالمِ دین اور معروف روحانی شخصیت مولانا پیر سید مختار الدین شاہ انتقال کر گئے۔

نجی نیوز ویب سائٹ کے مطابق مرحوم مولانا پیر سید مختارالدین شاہ گردوں اور جگر کے عارضہ میں مبتلا تھے اور اسلام آباد کے پمز ہسپتال میں زیر علاج تھے جہاں وہ دوران علاج اپنے خالق حقیقی سے جا ملے، ان کی نماز جنازہ کل بروز منگل دوپہر 2 بجے ادا کی جائے گی۔

مولانا مفتی سید مختار الدین شاہؒ کا شمار پاکستان کے ممتاز روحانی رہنماؤں ، جید اسلامی اسکالرز اور شیوخ الحدیث میں ہوتا تھا، انہوں نے جامعہ زکریا دارالامان کربوغہ شریف (ضلع ہنگو) میں شیخُ الحدیث کے منصب پر ذمہ داریاں نبھائیں اور بطور سرپرست وفاقُ المدارس العربیہ پاکستان کے بھی گراں قدر خدمات سر انجام دیں۔

مرحوم کی روحانی تربیت تبلیغی جماعت کے بزرگ مولانا محمد زکریا کاندھلویؒ کے زیرِ سایہ ہوئی، جن کے آپ خلیفۂ مجاز تھے، وہ مولانا زکریا کاندھلوی کے آخری خلیفہ تھے جو حیات تھے، مولانا زکریا کاندھلوی مرحوم وہی ہیں جنہوں نے فضائل اعمال لکھی جو کہ تبلیغی جماعت کے نصاب میں شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عمرہ زائرین رہیں ہوشیار، سعودی عرب نے تنبیہ کردی

مرحوم پیر مختارالدین دینی تحاریک کی سرپرستی، اصلاحِ امت، تزکیۂ نفس اور دینی بیداری کے لیے بھی خدمات انجام دیتے رہے، کربوغہ شریف میں آپ کی خانقاہ علم و روحانیت کا مرکز رہی، جہاں ملک و بیرونِ ملک سے لوگ اصلاح و تربیت کے لیے حاضر ہوتے رہے۔

پیر سید مختارالدین شاہ کے نمایاں عقیدت مندوں میں سید عدنان کاکاخیل، معروف پاکستانی کرکٹر محمد رضوان اور جامعہ بنوریہ عالمیہ کے قدیم فاضل معروف علمی و روحانی شخصیت مولانا سعید اللہ شاہ سمیت کئی مشاہیر شامل ہیں۔